ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ضلع وسطی میں پارک ،مونومنٹ اورسبزہ زار کا افتتاح کردیا

پارکس پراجیکٹ کے تحت 19 پارکس و گرین بیلٹس کو آرائش ِنو کے بعد عوام کی تفریح کے لئے کھول دئیے گئے

اتوار 27 فروری 2022 00:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2022ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی میں مصروف دن گزارا مرتضٰی وہاب نے ضلع وسطی میں دو پارک ،ایک مونومنٹ اور بیوٹیفکشن کے لئے بنائے جانے والے سبزہ زار کا بھی افتتاح کیا ۔ضلع وسطی میں ترقیاتی کاموں میں تیزرفتاری اور عوام کی فلاح بہبود کے لئے کئے جانے والے مثبت اقدامات کرنے پر ڈپٹی کمشنر و ایڈ منسٹریٹر ضلع وسطی طحہٰ سلیم،میونسپل کمشنرزاہد حسین،اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی کیپٹن عطاء الرحمن ،اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد زینب احمد ،اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد ثناء طارق سمیت بلدیہ وسطی کے پارکس ڈپارٹمنٹ کے افسران و ملازمین کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔

تفصیلات کے مطابق آج ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ضلع وسطی میں 100پارکس بحالی پراجیکٹ کے تحت دوبارہ بحال ہونے والے مزید دو پارکوں کاافتتاح کردیا جن میں فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں نو تعمیر پارک باغِ مصطفی، سیکٹر 5-B نارتھ کراچی میں فقیر محمد عرف پرویز شھید پارک ،ناظم آباد چورنگی پر خواجہ ناظم الدین اسکوائر مونو منٹ اور غریب آباد لیاری ایکسپریس وے کے داخلی راستے کو خوبصورت بنانے کے لئے بنائے جانے والے سبزہ زار افتتاح کیا اور پودا بھی لگایااور پارک میں آنے والے بچوں کے ہمراہ سلائڈنگ بھی کی اور بچوں میں گھل مل گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹرضلع وسطی طحہٰ سلیم ،میونسپل کمشنر زاہد حسین، اسسٹنٹ کمشنر نیو کراچی کیپٹن عطاء الرحمن ، اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد محترمہ زینب احمد،اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد محترمہ ثناء طارق سید سمیت بلدیہ وسطی کے افسران بھی موجود تھے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ضلعی اور بلدیاتی انتظامیہ عوام کی فلاح بہبود کے لئے جو اقدامات کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہیں اُمید کی جاسکتی ہے کہ ضلعی افسران و بلدیاتی افسران کی مشترکہ کاوشوں سے ضلع وسطی کی ظاہری شکل میں عنقریب خوبصورت تبدیلی نظر آئے گی جو باشندگان ضلع وسطی کے مزاج اور ذہن پر اچھا تاثر ڈالے گی جبکہ دوسرے اضلاع سے آنے والے افراد کو ضلع وسطی میں آکر ایک خوبصورت تبدیلی کا احساس ہوگا ۔

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بلدیہ وسطی کے افسران و ملازمین کو الرٹ کردیا ہے کہ ہر ملازم اپنی اپنی ذمہ داری دیانت داری سے ادا کرے اس سلسلے میں انہوں نے ضلع کو تجاوزات ،غیر قانونی کلینکس و اتائی ڈاکٹرز اور گراں فروشی کے خلاف کاروائیاں جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ بلدیہ وسطی کی آمدنی میں خاطر خواہ آمدنی بڑھانے کے لئے ٹیکس ریکوری سمیت ملازمین کی سو فیصد حاضری کو ممکن بنانے کے لئے مثبت اقدامات کر رہے ہیں ۔