Live Updates

پیکا آرڈیننس صحافیوں کی آواز دبانے کے ساتھ عام آدمی کی بھی شخصی آزادی سلب کرنے کا آرڈیننس ہے،مسلم لیگ(ن) پیکاآرڈیننس کومستردکرتی ہے، ایم ساجدعباسی

سینکڑوں پاکستانی یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں مگر مجال ہے کہ کسی کے کان پرجوں تک رینگی ہو، حکومت ان کو فوری پاکستان واپس لانے کا بندوبست کرے،مسلم لیگی رہنما وسابق چیئرمین میٹروکارپوریشن

اتوار 27 فروری 2022 18:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2022ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد سٹی کے جنرل سیکرٹری و سابق چیئرمین میٹروکارپوریشن اسلام آباد ایم ساجد عباسی نے کہاہے کہ پیکاآرڈیننس صحافیوں کی آوازدبانے کے ساتھ عام آدمی کی بھی شخصی آزادی سلب کرنے کا آرڈیننس ہے،حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے پیکاآرڈیننس کومسلم لیگ(ن) مسترد کرتی ہے،موجودہ آرڈیننس نے مارشل لاء کے تمام ادوار کے قوانین کو پیچھے چھوڑ دیاہے اور پاکستان کی تاریخ میں ایسے کالے قانون کی نظیر نہیں ملتی،ایسے قانون کو مکمل مسترد کرتے ہیں ۔

ایم ساجد عباسی نے مزید کہاکہ مہنگائی کے سونامی میں عوامی مسائل میں ہر آنیوالے دن کیساتھ اضافہ ہورہاہے اور جس تیزی کیساتھ مہنگائی کی لہر دن بدن اوپر جارہی ہے آنے والے دنوں میں عوام کاجینا مشکل ہوجائے گا اور عوام میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہورہی ہے جبکہ ملکی سطح پر سیاسی عدم استحکام سے بھی لوگوں کے تحفظات اور خدشات بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک کے حالات دن بدن بدترہوتے چلے جار ہے ہیں، ان پر قابو پاناموجودہ نالائق حکمران ٹولے کے بس کی بات نظر نہیں آتی،عوام پریشان حال ہیں ،ہر محاذ پر ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں نے غریب عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیاگیا ہے،سینکڑوں پاکستانی یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں مگر مجال ہے کہ کسی کے کان پرجوں تک رینگی ہو، حکومت ان کو فوری پاکستان واپس لانے کا بندوبست کرے۔

مسلم لیگی رہنماایم ساجد عباسی نے مزید کہاکہ ریلوے ،پی آئی اے،سٹیل مل سمیت تمام ادارے تباہی کا منظر پیش کررہے ہیں،فنڈزکی کمی کی وجہ سے تین ہزار کلو میٹر طویل ریلوے ٹریک کی مرمت نہ ہونے کے باعث2018ء سی2022ء تک ساڑھے چار سو سے زائد حادثات رونماہوچکے ہیں،جن میں تین سو کے قریب قیمتی جانیں چلی گئی ہیں،تبدیلی کانعرہ لگانے والوں نے پاکستان کو عملا" مسائلستان بنا دیاہے، کوئی ایک بھی شخص حکومت کی کارکردگی سے خوش نہیں دکھائی دیتا،مسلم لیگ(ن)نالائق حکمران ٹولے کی بے حسی اور ظالمانہ مہنگائی کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔

سابق چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ایم ساجد عباسی نے کہاکہ تحریک انصاف کے ساڑھے تین سالہ دور اقتدار ملک وقوم کیلئے کسی ڈرائونے خواب سے کم نہیں،ملک کے عوام معاشی استحکام چاہتے ہیں حکمران ٹال مٹول اور دعوئوں سے کام نہ چلائیں، غیرجانبدار انصاف اور فیصلوں سے معاشرے میں قانون کی بالادستی کو قائم کیاجاسکتاہے،عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کے ساتھ جانبداری کی گئی توانصاف کے قتل کے مترادف ہوگا، اقرباپروری اور کرپشن کے خاتمے کے دعوے جھوٹے ثابت ہورہے ہیں، موجودہ معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے حکمرانوں کوٹھوس پالیسیاں بنانی ہونگی،پاکستان کو معاشی مستحکم بنانے کیلئے بیرونی مداخلت کو مستردکرناہوگا،عوام ملک میں تعمیروترقی اور خوشحالی کیلئے یکجاہو کر کام کرناچاہتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات