کراچی میں گھر کی دیوار گرنے سے تین بچے جاں بحق،ایک زخمی

دیوار گرنے کے نتیجے میں قریب ہی کھیل کود میں مصروف تین بچے ملبے تلے دب گئے،ریسکیوحکام

اتوار 27 فروری 2022 18:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2022ء) شہرقائد کے علاقے ملیر بکرا پیڑی میں گھر کی دیوار گرنے سے تین بچے جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں دو سگی بہنیں بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی دوپہر ملیر کے علاقے بکرا پیڑی شیر محمد گوٹھ میں گھر کی دیوار گرگئی، دیوار گرنے کے نتیجے میں قریب ہی کھیل کود میں مصروف تین بچے ملبے تلے دب گئے، فوری طور پر موقع پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹایا اور بچوں کو ملبے سے باہر نکالا تو تینوں دم توڑ چکے تھے۔

واقعے سے ریسکیو حکام کو آگاہ کیا گیا جس کے بعد موقع پر ریسکیو ورکرز بھی پہنچ گئے اور بچوں کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کرنے لگے لیکن اس دوران ورثا نے انکار کردیا اور کسی بھی قانونی کارروائی سے گریز کرتے ہوئے لاشوں کو واپس گھر منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او ملیر سٹی انسپکٹر چوہدری اسلم کے مطابق مذکورہ گھر مزار کے احاطے میں قائم ہے، مذکورہ گھر مزار کے گدی نشین بابا امیر شاہ کا ہے، واقعے میں جاں بحق بچوں کی شناخت 9سالہ آمنہ بی بی دختر گلاب شاہ، اس کی بہن 12سالہ زینب بی بی اور ان کے رشتے دار ارسلان شاہ ولد اکرم شاہ کے نام سے کی گئی جبکہ 14 سالہ شاہ زیب ولد گلاب شاہ زخمی ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں بچے بابا امیر شاہ کے پوتے اور پوتیاں ہیں، اہل خانہ نے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے گریز کیا ہے۔