Live Updates

پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ شروع ،حکومت پر جمہوری انداز سے حملہ کرینگے ، بلاول بھٹو زر داری

سلیکٹڈ نے عوام کے ووٹ ، جیب اور پیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے ،اب اس کٹھ پتلی کو جانا ہوگا، قائد حزب اختلاف کی تمام جماعتیں عمران کو گھر بھیجیں گے ،اس تحریک میں پیپلزپارٹی کے جیالے صفحہ اول کا کردار ادا کر رہے ہیں، اب دنیا کی کوئی طاقت ان جیالوں کو نہیں روک سکتی،1973ء کے آئین ، عوام کے حقوق اور ملک کی معیشت کی حفاظت کریں گے،کبھی میڈیا پر پابندیاں، کبھی عدلیہ پر اور کبھی پارلیمنٹ پر حملہ ہوتا ہے، یہ سب ہم کب تک برداشت کرتے رہیں گے،پارٹی اپنے مطالبات ہر شہر میں اپنے مطالبات سامنے رکھے گی ،خطاب

اتوار 27 فروری 2022 23:05

/کراچی/ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ نے عوام کے ووٹ ، جیب اور پیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے ،اب اس کٹھ پتلی کو جانا ہوگا، قائد حزب اختلاف کی تمام جماعتیں عمران کو گھر بھیجیں گے ،اس تحریک میں پیپلزپارٹی کے جیالے صفحہ اول کا کردار ادا کر رہے ہیں، اب دنیا کی کوئی طاقت ان جیالوں کو نہیں روک سکتی،1973ء کے آئین ، عوام کے حقوق اور ملک کی معیشت کی حفاظت کریں گے،کبھی میڈیا پر پابندیاں، کبھی عدلیہ پر اور کبھی پارلیمنٹ پر حملہ ہوتا ہے، یہ سب ہم کب تک برداشت کرتے رہیں گے،پارٹی اپنے مطالبات ہر شہر میں اپنے مطالبات سامنے رکھے گی ،اسلام آباد پہنچ کر ہم اس حکومت پر جمہوری انداز سے حملہ کریں گے۔

(جاری ہے)

اتوار کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں قائداعظم کے مقام پر ایک متحرک پارٹی کارکنوں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کے خلاف لانگ مارچ شروع کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج قائداعظم کے مزار پر کراچی کے عوام اس سلیکٹڈ، ناجائز اور نااہل حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے جمع ہوئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے گو سلیکٹڈ گو کے نعرے لگوائے اور کہا کہ کراچی ایک ایسا شہر ہے جہاں ہر صوبے اور ہر زبان بولنے والے رہتے ہیں اور ان کے خون پسینے کی کمائی سے اس ملک کی معیشت چلتی ہے،اب یہ عوام عمران کو گھر بھیجنے پر اس لئے مجبور ہوگئے ہیں کہ اس ناجائز، نالائق اور سلیکٹڈ نے سندھ، پنجاب، بلوچستان اور کے پی کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے،اس نے عوام کے ووٹ ، جیب اور پیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے اب اس کٹھ پتلی کو جانا ہوگا۔

ساری حزب اختلاف نے فیصلہ کیا ہے کہ عمران کو گھر بھیجیں گے اور اس تحریک میں پیپلزپارٹی کے جیالے صفحہ اول کا کردار ادا کر رہے ہیں، اب دنیا کی کوئی طاقت ان جیالوں کو نہیں روک سکتی۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ قائداعظم اور قائد عوام نے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان ایک پارلیمانی جمہوریت ہوگا لیکن اس حکومت نے ہماری جمہوریت پر حملہ کر دیا ہے، اس نے ہماری معیشت اور ہمارے انسانی حقوق پر حملہ کیا ہے،ہم قائد عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن پورا کریں گے اور 1973ء کے آئین ، عوام کے حقوق اور ملک کی معیشت کی حفاظت کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی وہ پارٹی ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی حفاظت کی ہے، تنخواہوں اور پنشنوں میں اضافہ کیا ہے۔ پی پی پی نے صوبوں کو ان کے حقوق دلائیں ہیں اور انہیں ان کے وسائل کا مالک بنایا ہے،یہ کٹھ پتلی عمران چاہتا ہے کہ اٹھارہویں ترمی اور این ایف سی ایوارڈ کو ختم کر دے۔ انہوںنے کہاکہ سند ھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ اس کٹھ پتلی کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ کی پوری رقم نہ ملنے پر اس شہر کراچی اور سندھ کی عوام کی خدمت کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، اس حکومت نے ملک کو دنیا کے کرپٹ ترین ملکوں میں شامل کرادیا ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت پاکستان کی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوامی حکومت صوبوں کو ان کے حقوق اور وسائل دے گی اور اس طرح سے ہر شہر کو اس کا حق ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ حکومت اور پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل موجود ہے ملک ترقی نہیں کر سکتا، وقت آگیا ہے کہ عمران کے خلاف عدم اعتماد لایا جائے اور اسے گھر بھیجا جائے۔ اس مارچ سے بنی گالہ سے چیخیں نکلیں گی۔ پیپلزپارٹی اپنے مطالبات ہر شہر میں اپنے مطالبات سامنے رکھے گی اور اسلام آباد پہنچ کر ہم اس حکومت پر جمہوری انداز سے حملہ کریں گے۔

بلاول بھٹو زردار ی سے قبل مسرتضیٰ وہاب رضا ربانی، مراد علی شاہ، نثار کھوڑو اور قمر زمان شاہ نے بھی خطاب کیا۔ جب یہ عوامی مارچ اسٹیل ٹائون پہنچا تو لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے اس کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے مختصر خطاب میں کہا کہ جب پیپلزپارٹی حکومت میں آئے گی تو وہ اسٹیل ملز کے دروازے کھول دے گی کیونکہ ملکی معیشت کو اسٹیل ملز کی ضرورت ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ تین سال ہوگئے ہیں اور اسٹیل ملز ابھی تک بند ہے، اس سلیکٹڈ نے جو بھی وعدہ کیا تھا وہ پورا نہیں کیا گیا، عمران خان نے عوام سے روزگار چھین لیا اور اسٹیل ملز کے 10ہزارملازمیں کو بیروزگار کر دیا۔ انہوںنے کہاکہ عمران نے سندھ کی معیشت پر ڈاکہ ڈالا ہے،پیپلزپارٹی اسٹیل ملز کے ریفرنڈم کی حمایت کرتی ہے اور پیپلزورکرز یونین اس ریفرنڈم میں بھرپور حصہ لے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب مزدوروں نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھ دیا تھا تو مزدوروں کی قسمت بدل گئی تھی،جب مزدوروں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حمایت کی تو مزدوروں نے نعرہ لگایا کہ بینظیر آئے گی، روزگار لائیگی۔انہوںنے کہاکہ آج ہم اس سلیکٹڈ کے خلاف سڑکوں پر ہیں۔ چیئرمین بلاول نے اس بات کا عزم کیا کہ جب پی پی پی حکومت میں آئے گی تو اسٹیل ملز جس کی بنیاد ان کے نانا نے رکھی تھی دوبارہ دوبارہ کام کرنا شروع کر دے گی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جب ٹھٹھہ پہنچے تو ہزاروں کی تعدا د نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ کے عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی کو کبھی بھی مایوس نہیں کیا، شہید قائد عوام اور شہیدمحترمہ بینظیر بھٹو کا ہمیشہ ساتھ دیا۔ آج ہم نے عوامی مارچ شروع کیا تاکہ نالائق حکومت کو گھر بھیجیں تو ٹھٹھہ کے عوام نے میرا تاریخی استقبال کیا ہے اور عوام مارچ میں شامل ہوگئے ہیں، یہ ایک پیغام، یہ ایک ٹریلر ہے اسلام آباد والوں کے لئے، یہ پاکستان کے عوام کا جوش و جذبہ بتارہا ہے کہ وہ حکومت سے ناراض ہیں اور حکومت سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔

پاکستان کے عوام مہنگائی میں ڈوب گئے ہیں، بیروزگاری، غربت تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ نہ گیس ہے اور نہ بجلی ہے، پٹرول کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ زراعت پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے خان صاحب نے زراعت کو تباہ کر دیا ہے،کبھی پانی کا بحران، کبھی ٹڈی دل، کبھی یوریا کا بحران کسانوں کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے،مزدور محنت تو کر رہا ہے مگر محنت کا پھل نہیں ملتا۔

نوجوان دو دو تین تین ڈگریاں لے کر پھر رہے ہیں مگر روزگار نہیں ملتا،یہ کس قسم کا پاسکتان ہے جس میں صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ مارا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہریوں کے حقوق پر ڈاکہ مارا جا رہاہے۔ کبھی میڈیا پر پابندیاں، کبھی عدلیہ پر اور کبھی پارلیمنٹ پر حملہ ہوتا ہے، یہ سب ہم کب تک برداشت کرتے رہیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ آپ کسی اور جماعت کو ووٹ دیں اور کوئی سلیکٹڈ آپ پر مسلط کیا جاتا ہے۔

آج بھی عمران کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ ہے۔ جو ہم پر مسلط کیا گیا ہے۔ آپ کے حقوق پر ڈاکہ مارا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو شوکت عزیز یاد ہے، آپ کو ہر کٹھ پتلی یاد ہے جو ہمر پر مسلط کیا گیا، آپ کے حقوق ڈاکہ مار کر خود بھاگ گئے۔ میں آپ کے پاس آیا ہوں کہ جو کام قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے شروع، جس کے لئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جدوجہد کی کہ یہ ملک ایک جمہوری ملک ہو، یہاں کے عوام کا خیال رکھا جائے تاکہ ہماری معیشت غریب عوام کے لئے ہو۔

آج قائدعوام کا خواب خطرے میں ہے۔ یہ نالائق وزیراعظم وام کے حقوق پر ڈاکہ مار رہا ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے آئین پر ڈاکہ مار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بی بی نے 30سال تک جدوجہد کی تھی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا عوام مارچ بدین کی طرف جاری ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات