Live Updates

وزیر اعظم ریلیف کے نام پر عوام کے ساتھ ہیر ا پھیری کررہے ہیں ، جاوید قصوری

بجلی اورپٹرول کی قیمتیں بڑھا کر کمی کا اعلان کرنا عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے، امیر جماعت اسلامی

منگل 1 مارچ 2022 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2022ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں صبح 6روپے فی یونٹ بڑھا کر شام کو 5روپے کم اور پٹرول چند دن قبل12روپے فی لیٹر بڑھا کر 10روپے کم کرنا عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔ بجلی کی قیمت میں 5روپے حکومتی ریلیف صرف ان صارفین کو ملے گا جو 700یونٹ تک استعمال کرتے ہیں۔

وزیر اعظم عوام کے ساتھ ریلیف کے نام پر ہیر پھیر کررہے ہیں۔ 22کروڑ عوام ان کے سارے منفی حربے جانتے ہیں۔ حکومت نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل اور جھوٹوں کا ٹولہ ملک و قوم پر مسلط ہے۔

(جاری ہے)

ان سے ریلیف کی توقع نہیں۔

ایل پی جی 27روپے فی کلو اضافے سے گھریلو سلنڈر 2759روپے اور کمرشل سلنڈر 10613روپے تک مہنگا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا قوم سے خطاب الفاظ کے ہیرا پھیری کے سوا کچھ نہیں۔ تبدیلی سرکار نے عوام کو بری طرح مایوس کیا ہے۔ حکومت کی جب تک معاشی پالیسیوںمیں آئی ایم ایف کی مداخلت رہے گی تب تک ملک خود مختار ہوسکتا ہے اور نہ خوشحالی و ترقی کے دعوے پورے ہوسکتے ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے پاکستان سٹیل مل کی 2ہزار ایکڑ اراضی کی فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پچاس ارب روپے سے سٹیل مل بحال کرنے کی بجائے 523ارب روپے کا خسارے برداشت کیا ہے۔ 5500ملازمین کی جبری بر طرفی کے باوجود بغیر کسی اشتہار اور میرٹ کے 60سال سے زائد العمر ، مطلوبہ تعلیمی قابلیت اور تجربہ نہ رکھنے والوں کو بھرتی کرنا اقراباء پروری کی بد ترین مثال ہے۔ حکمرانوں نے اپنی نااہلی اور ناتجربہ کاری سے تمام اداروں کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات