کراچی ٹیسٹ کے پہلے روزپی سی بی کا ٹیسٹ کرکٹرز کو خراجِ تحسین

ظہیر عباس، وسیم باری معین خان، توصیف احمد، صادق محمد، سلیم جعفر، سلیم یوسف اور نسیم الغنی سمیت کئی ٹیسٹ کرکٹر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں موجود تھے

ہفتہ 12 مارچ 2022 21:39

کراچی ٹیسٹ کے پہلے روزپی سی بی کا ٹیسٹ کرکٹرز کو خراجِ تحسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2022ء) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 24 سال بعد نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے تاریخی ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو بھی مدعو کیا پاکستان کے وہ کرکٹر جو کراچی میں رہائش پذیر ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف ماضی میں ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں انہیں مختلف گروپس کی شکل میں مدعو کیا ہے۔

کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز ایشین بریڈ مین ظہیر عباس، وسیم باری معین خان، توصیف احمد، صادق محمد، سلیم جعفر، سلیم یوسف اور نسیم الغنی سمیت کئی ٹیسٹ کرکٹر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں موجود تھے جنہوں نے پی سی بی کے اس اقدام کو سراہا اور تاریخی موقع پر انہیں یاد رکھنے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔سابق ایشین بریڈمین ظہیر عباس نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آسٹریلین کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں نے فل اسٹرنتھ ٹیم پاکستان بھیجی ہے، ان کے اس فیصلے سے ہر پاکستانی بہت خوش ہے، فل اسٹرنتھ ٹیم کی آمد کی وجہ سے ہائی اسٹینڈرڈ میچ ہوگا شائقین اس لمحے کو بہت انجوائے کریں گے۔

(جاری ہے)

ظہیر عباس نے کہا کہ ٹاس کسی کے اختیار میں نہیں ایک تیم کو ٹاس جیتنا اور دوسرے کو ہارنا ہوتا ہے اگر وکٹ بہت زیادہ ٹرن لے گی تو لازمی طور پر پاکستان ٹیم کو مشکل پیش آسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیکن پاکستان ٹیم باصلاحیت ہے وہ مشکل صورتحال میں بھی بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔سابق وکٹ کیپر وسیم باری نے کہا کہ آسٹریلیا کو دورہ پاکستان بہت اہمیت کا حامل ہے اس دورے سے انٹرنیشنل کرکت کی بحالی میں بہت مدد ملے گی۔ اسی سال امید ہے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز بھی کرکٹرز ڈے منایا تھا جبکہ لاہور ٹیسٹ کے پہلے روز بھی لاہور کے وہ کرکٹرز مدعو ہوں گے جنہوں نے آسٹریلیا سے ٹیسٹ کھیلا۔