سابق وفاقی وزیر انور سیف اللہ کی کتاب ”میں اور میرا پاکستان“ کی تقریب رونمائی

منگل 15 مارچ 2022 18:24

اسلام آباد۔15مارچ  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی . 15 مارچ 2022ء) :سابق وفاقی وزیر انور سیف اللہ کی کتاب ”میں اور میرا پاکستان“ کی تقریب رونمائی اسلام آباد میں ہوئی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے مطابق تقریب میں سابق وزیراعظم اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے  یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انور سیف اللہ خان کو ان کی کتاب ”میں اور میرا پاکستان“ کی کامیاب اشاعت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انور سیف اللہ اپنے ذاتی اور پیشہ ورانہ تجربات کو کھلے دل سے بیان کرتے ہیں لیکن ان کی یہ کتاب سیاست کے اعلیٰ مقام کی طرف ایک سرشار آدمی کا سفر ہے اور ان کا سیاسی کیرئیر شاندار ہے۔

(جاری ہے)

ان کے سیاسی تجربے، لگن اور عشروں کے عزم نے انہیں دانشمندی عطا کی ہے۔

جو چیز مصنف کی کامیابی کا باعث بنی وہ اس کی خاندانی اقدار اور خاص طور پر ماں کے لیے ان کی محبت اور احترام ہے جو اس کتاب میں بھی اکثر محسوس کیا جا سکتا ہے اور انہوں نے واضح کیا کہ ان کی کامیابی کے پیچھے ان کی والدہ کا ہاتھ ہے جو کہ ایک عظیم خاتون تھیں۔پاکستان کیلئے انور سیف اللہ کی محبت اور جذبے کے دلی اظہار سے بہت متاثر ہوا ہوں۔قائد حزب اختلاف سینیٹ نے کہا کہ یہ ملک بہت بڑی نعمت ہے جس کا ہم سب کو احساس ہے  اور انور صاحب اپنے فن کے ذریعے اس حقیقت کو بخوبی یاد دلاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ انور سیف اللہ کی کاوش کو سراہتے ہیں  کہ انہوں نے ان سیاسی حالات کے بارے میں تمام بصیرت اور تفصیلات مہیا کی ہیں جو ہماری تاریخ میں بہت اہمیت رکھتے ہیں۔سیاست میں ان کی شراکت داری بے حد قابل قدر رہی ہے۔ان کی شخصیت کا اندازہ شہید بے نظیر بھٹو کے ساتھ کی گئی گفتگو سے بھی لگایا جاسکتا ہے جب انہوں نے انور سیف اللہ کو وزیر خارجہ کے عہدے کی پیشکش کی تھی۔اپنے حلقے کی خدمت کیلئے جس شائستگی کے ساتھ انہوں نے بی بی کی پیشکش کو ٹھکرایا اس سے ان کے عزم کا اظہار ہوتا ہے کہ وہ ایک لیڈر اور اپنے عوام کے نمائندہ ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حب الوطنی کے جذبے کو قائم رکھنے کیلئے میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ اس کتاب کو خرید کر پڑھیں۔