’مسٹر شریف ہم آپ سے معذرت خواہ ہیں‘ براڈ شیٹ کے سربراہ نواز شریف پر الزامات سے دستبردار ہوگئے

دو دہائیوں تک احتساب کے نام پر نوازشریف کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کا حصہ بننے پر شرمسار ہیں‘ نواز شریف یا ان کی فیملی کے حوالے سے کرپشن کا معمولی ثبوت بھی نہیں ملا‘ ریکارڈ کی درستگی کے لیے معافی چاہتے ہیں ۔ کاوے موسوی کا انٹرویو

Sajid Ali ساجد علی منگل 22 مارچ 2022 13:23

’مسٹر شریف ہم آپ سے معذرت خواہ ہیں‘ براڈ شیٹ کے سربراہ نواز شریف پر ..
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 22 مارچ 2022ء ) براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر لگائے گئے الزامات سے دستبردار ہوتے ہوئے ان سے معافی مانگ لی ۔ جنگ اور جیو نیوز کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دو دہائیوں تک احتساب کے نام پر نوازشریف کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کا حصہ بننے پر شرمسار ہیں ، ریکارڈ کی درستگی کے لیے معافی چاہتے ہیں کیوں کہ دو دہائیوں سے جاری براڈ شیٹ کی فرانزک تحقیقات کے دوران نواز شریف یا ان کی فیملی کے حوالے سے کرپشن کا معمولی ثبوت بھی نہیں ملا ۔

کاوے موسوی نے کہا کہ نیب نے سیاسی بنیادوں پر نواز شریف کے خلا ف مقدمات بنائے ، یہ ہی وجہ ہے کہ آج نواز شریف سے معافی کے طلب گار ہیں اور مجھے سابق وزیراعظم کے خلاف نیب کی دھوکہ دہی کا حصہ بننے پر معافی مانگنے پر کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے اور مسٹر شریف ہم آپ سے معذرت خواہ ہیں کیوں کہ آپ واضح طور پر ایک بڑے منظم اسیکنڈل کا نشانہ بنے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ جب حقائق بدلتے ہیں تو میں اپنے خیالات بھی بدل سکتا ہوں ۔

(جاری ہے)

براڈ شیٹ کے سربراہ نے کہا کہ پرویز مشرف دورمیں براڈشیٹ کوسیاست دانوں کی خفیہ دولت ڈھونڈنےکاٹاسک ديا گیا حکومت پاکستان سے30ملین ڈالروصول کیےتھے ، قانونی کارروائی پر مجموعی طور پر65 ملین پاؤنڈ کے اخراجات آئے ، میں محسوس کرتا ہوں کہ ہم بھی نیب کی غلط بیانی کا شکار تھے ، ہماری نیت صاف تھی ، لندن میں ٹریبونل میں معاملے کے اختتام تک ہمیں جو بھی معلومات ملیں ہم نے انہیں نیب تک پہنچایا لیکن انہوں نے کوئی دلچسپی نہیں لی ، میری اپنی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سراسر دھوکہ تھا ، انہیں کوئی دلچسپی نہیں تھی اور مجھ سے منسوب کوئی بھی الزام بغیر کسی ہچکچاہٹ کے واپس لیتا ہوں۔