براڈ شیٹ کے سی ای او موسوی کی طرف سے باضابطہ معافی مانگنے پر شہباز شریف کا اظہار تشکر

بدھ 23 مارچ 2022 00:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2022ء) ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کے سی ای او کے انکشافات نام نہاد احتساب کے نام پر نواز شریف اور خاندان کے سیاسی طور پر متاثر ہونے والے ظلم و ستم کو بے نقاب کرتے ہیں، انہیں عوامی زندگی سے دور رکھنے کے لیے کرپشن کے الزامات لگائے گئے، اب جھوٹ، فریب اور کردارکشی کی تمام عمارت منہدم ہو چکی ہے۔

براڈ شیٹ کے سی ای او کاوے موسوی کی طرف سے باضابطہ معافی مانگنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہاکہ 22 سال چھان بین کرنے والے نے اعتراف کیا کہ نواز شریف اور ان کا خاندان بے قصور ہے،صد شکر اور احسان اٴْس ذات پاک کا جس نے تحقیق کرنے والوں سے ہی اعتراف کرایا۔ شہباز شریف نے کہاکہ تحقیق کرنے والوں نے اعتراف کیا کہ یہ سب سیاسی انتقام تھا، مشرف سے دورِ نیازی تک 22 سال باریک بینی سے چھان بین کی گئی،کاوے موسوی نے تسلیم کیا کہ ناجائز دولت کا کوئی ذرا سا بھی ثبوت نہیں ملا۔

(جاری ہے)

لیگی صدر نے کہا کہ کاوے موسوی کا بیان دراصل نیب نیازی گٹھ جوڑ پر فرد جرم ہے،مہنگائی کی ستائی قوم کے لاکھوں ڈالر اور پائونڈز سیاسی انتقام پر ضائع ہوئے، یہ رقم سیاسی انتقام پر ضائع کرنے والوں سے وصول کرنی چاہیے، ہمارے خاندان، جماعت اور وابستہ ہر فرد کا 40 سال بے رحم اور کڑا احتساب کیا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ سب کچھ کرنے کے باوجود ایک دھیلے کی کرپشن کا نہ ہونا ایمانداری کا ثبوت ہے، کھربوں کے منصوبے، میٹروز، اسپتال، یونیورسٹیاں، کالج، بجلی کے کارخانے لگائے گئے، کسی منصوبے میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، یہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے، یہ ہماری ملک و عوام کی خدمت کا اعتراف ہے جو اللہ تعالیٰ نے تفتیش کرنیوالوں سے ہی کرایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسے کہتے ہیں اللہ کی لاٹھی جو ہم پر جھوٹے الزام لگانے والے کذابوں کے سر پر پڑی ہے۔