Live Updates

صدر مملکت ، وزیر اعظم ، مسلح افواج کے سربراہان اور او آئی سی کے وزرائے خارجہ نے مسلح افواج کی پریڈ کا مظاہرہ ددیکھا

یوم پاکستان کی پریڈ میںڈ سعودی عرب، ترکی، ازبکستان، آذربائیجان اور بحرین سمیت دوست ممالک کے دستوں کی شرکت

جمعرات 24 مارچ 2022 00:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2022ء) صدر مملکت عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان ، مسلح افواج کے سربراہان اور او آئی سی کے وزرائے خارجہ نے مسلح افواج کی پریڈ کا مظاہرہ ددیکھا ۔82ویں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب وفاقی دارالحکومت کے شکرپڑیاں پریڈ گرانڈ میں منعقد کی گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

وزیراعظم عمران خان، وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف ایئر سٹاف ایئر مارشل ظہیر الدین بابر سدھو اور چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی، اسلام تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ، کابینہ کے ارکان، غیر ملکی سفارت کاروں، اعلی سول و فوجی حکام اور پاکستان کے لیے نمایاں خدمات پر تعریفی اسناد حاصل کرنے والی اہم شخصیات کے علاوہ اور دیگر مہمانوں نے مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کا مظاہرہ دیکھا جبکہ سعودی عرب، ترکی، ازبکستان، آذربائیجان اور بحرین سمیت دوست ممالک کے دستوں نے بھی پریڈ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں نے صدر مملکت، وزیراعظم، وزیر دفاع، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کو سلامی دی جبکہ صدر مملکت عارف علوی نے پریڈ میں شامل فوجی دستوں کا معائنہ بھی کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے حال ہی میں پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے میں شامل ہونے والے نئے J-10C جیٹ طیاروں سمیت پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی مختلف فارمیشنز کے فلائی پاسٹ کی قیادت کی۔

پریڈ میں آرمرڈ کور، آرٹلری، رینجرز، ایئر ڈیفنس، کوسٹ گارڈز، آرمڈ فورسز نرسنگ سروس کے خواتی دستوں، پاکستان بوائز سکاٹس اور گرلز گائیڈز نے بھی حصہ لیا۔ آرمرڈ کور ، آرٹلری، ایئر ڈیفنس انجینئرز کے دستے دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے سامان حرب کے ساتھ پریڈ میں شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ میزائل اور دیگر ہتھیار پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی علامت کے طور پر پریڈ کا حصہ تھے۔

اس سال کی ایک اور خاص بات جدید ترین جے ٹین جنگی طیاروں کا فلائی پاسٹ تھا جس کے ساتھ ساتھ ایوی ایشن فلائی پاسٹ بھی ہوا۔ اس موقع پر قراقرم کے سات طیاروں کی شیردل ٹیم نے دلکش ایروبیٹکس پیش کیے۔ تینوں مسلح افواج کے چھاتہ برداروں نے 10,000 فٹ کی بلندی سے فری فال کا شاندار مظاہرہ کیا۔ خصوصی طور پر مدعو کیے گئے وفود کی دلچسپی کے لیے او آئی سی ممالک کا خصوصی فلوٹ بھی پریڈ میں شامل کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات