Live Updates

مسلم لیگ ن فرانس نے یوم پاکستان کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا

تقریب کے میزبان جنرل سیکریٹری ن لیگ شیخ وسیم اکرم تھے

sahibzada atiq صاحبزادہ عتیق الر حمن بدھ 30 مارچ 2022 14:04

مسلم لیگ ن فرانس نے  یوم پاکستان کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کا اہتمام ..
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مارچ2022ء) مسلم لیگ ن فرانس نے  یوم پاکستان تئیس مارچ کے حوالے سے پیرس میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں مسلم لیگ ن فرانس کے عہدےداروں و کارکنان سمیت  کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے بھی شرکت کی -

یوم پاکستان تقریب کے میزبان  جنرل سیکریٹری مسلم لیگ ن شیخ وسیم اکرم نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اپنے خطاب میں تحریک انصاف کی حکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ نواز لیگ نے ہمیشہ آئینی راستہ اختیار کیا اور جمہوری اصولوں کے تحت سیاست کی ہے۔

پی ڈی ایم کو بہترین حکمت عملی سے کام کرنے کیلئے میاں محمد نواز شریف کی گائیڈ لائنز پر چلنا ہوگا تاکہ جاری سیاسی جمہوری جدوجہد میں جلد از جلد کامیابی حاصل کی جاسکے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے عوام کی خاطر جدوجہد کرتے ہوئے جوانمردی کے ساتھ احتساب کے نام پر بدترین حکومتی انتقام کا سامنا کیا ہے۔ عدلیہ کے فیصلے واضح کررہے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہر الزام میں سرخرو ہو گی۔



سردار ظہور اقبال سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن فرانس نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ آئینی راستہ اختیار کیا ‘ ہماری فارن پالیسی میں کوئی جان نہیں رہی‘ ملک بھر کی عوام نے حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف اپنا فیصلہ دیاہے۔ ان غلط پالیسیوں کی وجہ سے بین الاقوامی طور پر ہم تنہائی کا شکار ہیں۔ ہماری فارن پالیسی میں کوئی جان نہیں رہی۔

کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے میں بھی موجودہ وفاقی حکومت کا کوئی سود مند کردار نظر نہیں آرہا جبکہ آئے روز پٹرول اور دیگر اشیائے ضروریہ میں ہوشربا اضافہ کیا جارہا ہے جس سے عوام کی زندگی بھی اجیرن ہو گئی ہے۔ صدر مسلم لیگ ن فرانس میاں محمد حنیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست کامحورومرکز پاکستان اورعوام ہیں۔ پاکستان پرآشوب دور سے گزر رہا ہے پاکستان میں قیام امن اورتعمیروترقی کی کنجی مسلم لیگ ن  کی قیادت کے پاس ہے ، چئیر مین مسلم لیگ ن فرانس راجہ علی اصغر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر جمہوریت سے لازم و ملزوم ہے۔

مسلم لیگ نے جمہوریت کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں اور نواز شریف کا کارکن ان لازوال قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گا ، انہوں نے مزید  کہا کہ حصول پاکستان کے لیے ہمارے بزرگوں نے جان  و مال کی قربانیاں دیں - لاکھوں لوگوں نے حصول پاکستان کے لیے اپنے خون  کا نذرانہ پیش کیا- بانی  پاکستان قائد اعظم محمّدعلی جناح  نے انتھک کوشش کے بعد یہ خطہ ارض حاصل کیا جس پر ہم آج آزادی سے سانس لے رہے ہیں-

دیگر مقررین نے بھی پاکستان اور میاں نواز شریف کو لازم و ملزم قرار دیا اور کہا کہ عمران نیازی کی حکومت نے عوام ہر مہنگائی کے پہاڑ گرا دئے ہیں۔

بیروزگاری میں حد درجہ اضافہ ہوچکا ہے  ملک ترقی کی بجائے بدتری کی طرف گامزن ہے۔ اور میاں نواز شریف ہی واحد سیاسی لیڈر ہیں جو پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرسکتے ہیں۔ میزبان تقریب شیخ وسیم اکرم نے تقریب کے اختتام پر تمام  مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تواضع پر تکلف ڈنر سے کی -
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات