Live Updates

اندرونی معاملات میں مداخلت پر پاکستان کا امریکہ سے شدید احتجاج

امریکی سفارتکار کو وزارت خارجہ طلب کرکے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں احتجاجی مراسلہ تھمادیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 1 اپریل 2022 10:46

اندرونی معاملات میں مداخلت پر پاکستان کا امریکہ سے شدید احتجاج
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ یکم اپریل 2022ء) پاکستان نے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت پرامریکہ سے شدید احتجاج کرتے ہوئے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں احتجاجی مراسلہ تھما دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ دیا گیا ، دفتر خارجہ سے معلوم ہوا ہے کہ قائم مقام امریکی ناظم الامور کی طلبی قومی سلامتی کمیٹی کی ہدایت پر کی گئی ، امریکی سینئر عہدیدار کے الفاظ اور اندرونی معاملات میں مداخلت پر احتجاج کیا گیا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا 37 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں دفاع ، توانائی، اطلاعات و نشریات ، داخلہ ، خزانہ، انسانی حقوق، منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وفاقی وزراء، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، آرمی چیف سمیت دیگر سروسز چیفس ، قومی سلامتی کے مشیر اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں قومی سلامتی مشیر نے کمیٹی کو خط پر بریفنگ دی تھی، کمیٹی نے خط پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کے اندورنی معاملات میں مداخلت کو ناقابل برداشت قرار دیا ، حکومت نے خط کا بھرپور جواب دینے کا بھی فیصلہ کیا تھا جس پر عمل درآمد کر دیا گیا۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان نے قوم سے براہ راست خطاب بھی کیا ، انہوں نے کہا کہ میں آج آپ کے پاس یہ ساری بات کرنے کے لیے اس لیے آیا ہوں کہ ہمیں 8 مارچ یا اس سے پہلے 7 مارچ کو امریکہ نے ، امریکا نہیں باہر کے ملک سے مطلب کسی اور ملک سے پیغام آتا ہے ، میں اس لیے پیغام کی بات کر رہا ہوں اور اسی لیے براہ راست کر رہا ہوں کیوں کہ یہ کسی آزاد ملک کے لیے جس طرح کا ہمیں پیغام آیا ہے ، یہ ہے تو وزیراعظم کے خلاف ہے لیکن دراصل یہ ہماری قوم کے خلاف ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات