Live Updates

ذکاء اشرف نے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کا طریقہ کار غیر جمہوری قرار دے دیا

ووٹ دینے والے بورڈ آف گورنرز کے ارکان نامزد کردہ ہوتے ہیں : سابق چیئرمین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 اپریل 2022 12:19

ذکاء اشرف نے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کا طریقہ کار غیر جمہوری قرار ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 اپریل 2022ء ) سابق سربراہ ذکاء اشرف نے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کا طریقہ کار غیر جمہوری قرار دے دیا۔ کرکٹ پاکستان ویب سائٹ کو انٹرویو میں ذکاء اشرف نے کہا کہ کوئی بھی نئی حکومت آئے چیئرمین پی سی بی بھی تبدیل ہوتا ہے کیونکہ سرپرست اعلیٰ کی مرضی چلتی ہے، دراصل تقرری کا طریقہ کار ہی درست نہیں،آئی سی سی کی ہدایات کے مطابق پیٹرن کو 2 یا 3 افراد کو نامزد کرنا ہوتا ہے، ان میں سے کسی ایک کو قابلیت کی بنیاد پر بورڈ آف گورنرز منتخب کرتا ہے، پہلے ریجنز کے نمائندے باری باری 2،2 سال کیلیے بورڈ آف گورنرز میں آتے تھے اب تو تمام ہی نامزد ہوتے ہیں، اس لیے سلیکشن کا یہ آمرانہ طریقہ کار ہے جمہوری نہیں۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ عمران خان اپنے دور کے بڑے کرکٹر رہے مگر کھیل کے معاملات میں انھوں نے مایوس کیا، ڈپارٹمنٹس کی ٹیموں کو فارغ کرکے کرکٹرز کو بے روزگار کرنا دانشمندانہ فیصلہ نہیں تھا،کئی کھلاڑی رکشہ چلاکر یا دیگر ذرائع سے روزی روٹی کمانے پر مجبور ہوگئے،میرے دور میں بورڈ میں 2 سے 5 لاکھ روپے کمانے والے بورڈ ملازمین کی تنخواہیں تو اب 15 لاکھ تک پہنچ گئی ہیں ،مگر دوسری جانب 50 ہزار سے لاکھ روپے تک کمانے والے کھلاڑیوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ نے پاکستان کو کئی نامور کرکٹرز دیے اس لحاظ سے بھی بڑا نقصان ہوا،ڈپارٹمنٹس اور ریجنز دونوں کی شمولیت سے مشترکہ نظام لاتے تو دونوں سسٹم ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے، ایک طرف سے سرمایہ تو دوسری جانب سے تکنیکی معاونت حاصل ہوتی۔ ذکا اشرف نے کہا کہ ایسوسی ایشنز میں اس طرح کے لوگ آ گئے ہیں جن کا کرکٹ میں کوئی پس منظر ہی نہیں ہے،کلب کرکٹ تو ختم ہوکر ہی رہ گئی۔سابق چیئرمین نے کہا کہ پی سی بی کے پیٹرن اور وزیر اعظم شہباز شریف ابھی ملکی مسائل کا حل تلاش کرنے کیلیے سرگرم ہیں، موقع ملتے ہی ان سے کرکٹ معاملات پر بات کرتے ہوئے اپنا مشورہ دوں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات