بابر اعظم ٹیم سلیکشن میں جانبداری سے گریز کریں، معین خان کا قومی ٹیم کے کپتان کو مشورہ

بابر کو مشورہ دوں گا کہ وہ اپنی ٹیم سلیکشن میں انصاف کریں اور اپنے دوستوں کی طرفداری نہ کریں: سابق وکٹ کیپر بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 14 اپریل 2022 13:13

بابر اعظم ٹیم سلیکشن میں جانبداری سے گریز کریں، معین خان کا قومی ٹیم ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 اپریل 2022ء )  پاکستان کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز معین خان کا خیال ہے کہ بابر اعظم کو قومی ٹیم کا انتخاب کرتے وقت انصاف کرنا چاہیے اور اپنے دوستوں کی طرفداری نہیں کرنی چاہیے۔ 50 سالہ سابق قومی کپتان نے ایک مقامی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپتانی میں آپ کے پاس ویژن ہونا ضروری ہے، میں بابر کو مشورہ دوں گا کہ وہ اپنی ٹیم سلیکشن میں انصاف کریں اور اپنے دوستوں کی طرفداری نہ کریں۔

معین خان نے مزید کہا کہ بابر اعظم کو ٹیم سلیکشن پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے اور اپنے فیصلے سے سلیکٹرز کو آگاہ کرنا چاہیے۔ معین خان نے پاکستانی کپتان کی یہ کہتے ہوئے بھی تعریف کی کہ ان کے پاس دنیا کا بہترین کھلاڑی بننے کے تمام اجزاء موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر بابر اپنی اچھی فارم کو برقرار رکھتا ہے تو وہ دنیا کا بہترین کھلاڑی بن جائے گا ،وہ پاکستانی کھلاڑیوں کے تمام ریکارڈ توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

محمد رضوان کے بارے میں پوچھے جانے پر سابق کپتان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان کے لیے شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ معین خان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان اپنے کیریئر کی بہترین فارم سے گزر رہے ہیں اور شاندار فارم میں ہیں، ان کے علاوہ سرفراز احمد بہترین وکٹ کیپر بلے باز ہیں۔