سال2012ء میں پاک بھارت سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی بیگمات کو نظر رکھنے کیلئے ساتھ بھیجا تھا: ذکاء اشرف

یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا تاکہ کوئی تنازعہ پیدا نہ ہو کیونکہ بھارتی میڈیا ہمیشہ اس کی تلاش میں رہتا ہے: سابق چیئرمین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 15 اپریل 2022 11:55

سال2012ء میں پاک بھارت سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی بیگمات کو نظر رکھنے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 اپریل 2022ء ) پاکستان اور بھار ت کے تعلقات ہمیشہ سے کشیدہ رہے ہیں اور یہ کشیدگی دونوں ممالک کی باہم کرکٹ پر بھی اثرانداز ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2012ء کے بعد کوئی دوطرفہ سیریز نہیں ہو سکی۔ یہ آخری سیریز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذکاء اشرف کے دور میں ہوئی تھی جنہوں نے اس سیریز میں کھلاڑیوں کے ساتھ ان کی بیگمات کو بھارت بھجوانے کے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کیا ہے۔

نیوز ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ذکا اشرف نے حالیہ دنوں ایک کرکٹ ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ ہم نے دورہ بھارت کے دوران کھلاڑیوں کی بیگمات کو اس لیے ان کے ساتھ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ وہ کھلاڑیوں پر نظر رکھیں اور ٹیم سکینڈلز سے محفوظ رہ سکے۔

(جاری ہے)

ذکاء اشرف نے کہا کہ یہ مشورہ میں نے دیا تھا کہ بھارت کے دورے پر کھلاڑیوں کی بیویوں کو ساتھ بھیجا جائے گا۔

ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ ”بھارتی میڈیا ہمیشہ سے اس تلاش میں رہتا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی کوئی متنازعہ بات اس کے ہاتھ لگے چنانچہ اسی تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ بیویاں اپنے شوہروں پر نظر رکھیں اور کوئی متنازعہ بات نہ ہو۔“ انہوں نے بتایا کہ ”ایک بار جب ہم بھارت گئے تو میں نے اس وقت کے بی سی سی آئی کے چیئرمین نارائن سوامی سری نواسن سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ اگر فول پروف سکیورٹی دی جائے تو بھارتی ٹیم کو پاکستان کی سرزمین پر کھیلنے کی اجازت دے دی جائے گی“۔