کراچی پیس ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار افتتاح کر دیا گیا

افتتاح صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ کے ہمراہ کیا

جمعہ 15 اپریل 2022 22:42

کراچی پیس ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار افتتاح کر دیا گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2022ء) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ڈی ایم سی ایسٹ سندھ پولیس ورینجرز کے اشتراک سے ہونے والے شاندار کراچی پیس ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا کوکن گراؤنڈ بہادرآباد میں افتتاح کر دیا ہی.افتتاحی تقریب میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ، رکن صوبائی اسمبلی ذوالفقار شاہ، وزیر اعلی سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ اقبال ساند، سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم معین خان، سابق چئیرمین ڈی ایم سی ایسٹ معید انور،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی جاوید الرحمن کلوڑ، ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر، میڈیکیم کے ڈائریکٹر خرم خلیل نینی تال والا,جے ڈی سی کے ظفر عباس ودیگر نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ڈی ایم سی ایسٹ نے ٹورنامنٹ کا انعقاد کر کے میلہ لگادیا ہے جس پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ ودیگر مبارکباد کے مستحق ہیں، اس طرح کی صحت مندانہ سرگرمیاں جاری رہنی چاہیئں ہماری کوشش ہے کہ اس طرح کے ایونٹ کے ذریعے کراچی کی رونقیں بحال کرنے کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا، انہوں نے شہریوں سے گزارش کی کہ وہ اس بڑے ایونٹ کو بھرپور طریقے سے انجوائے کریں،کوئی بھی کھیل ہو اسپورٹس مین اسپرٹ سکھاتا ہے ہمیں کھیلوں سے نہ صرف صحت بلکہ بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ بھی سیکھنی چاہیئے۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے اس موقع پر کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے، اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد بھی یہ ہی ہے کہ میدانوں کو آباد کرنے کے ساتھ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے میڈیکیم کی خدمات کو سراہا.سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم معین خان، وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی اقبال ساند ودیگر نے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ اور ڈی ایم سی ایسٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کراچی پیس ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد اچھی کاوش ہے اور اس قسم کی سرگرمیوں کا انعقاد ہوتے رہنا چاہیئے افتتاح سے قبل پرچم کشائی اور قومی ترانے کا اہتمام کیا گیا ٹورنامنٹ کا افتتاح وزیر بلدیات نے بال کو ہٹ لگا کر کیا جس کے بعد وزیر بلدیات ودیگر مہمانان گرامی نے ٹیموں سے ملاقات کی۔

کراچی پیس ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو ناک آؤٹ کی بنیاد پر میچز کھیلیں گی سات روزہ ٹورنامنٹ کا فائنل 21 اپریل کو کھیلا جائے گا.افتتاحی تقریب کے انعقاد کے بعد کے ڈی اے اور ڈی ایم سی ایسٹ کے درمیان نمائشی میچ سے ٹورنامنٹ کا آغاز کیا گیا ہے،نمائشی میچ میں کے ڈی اے کی ٹیم نے ڈی ایم سی ایسٹ کی ٹیم کو دس وکٹوں سے شکست دی،ٹورنامنٹ فورمٹ کے تحت میچز کا انعقاد اگلے روز سے کیا جائے گا۔