Live Updates

عمران خان کے جلسوں نے سازش کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے والوںکی نیندیں اڑا دی ہیں‘جمشید اقبال چیمہ

(ن) ،پی پی والے جمہوریت کو گھر کی کنیز بناکررکھنا چاہتے ہیں‘ حلقہ این ای129کے رہنمائوں ،کارکنوں سے ملاقات

اتوار 17 اپریل 2022 14:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، ترجمان برائے فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اورپیپلزپارٹی جمہوریت کو اپنے گھر کی کنیز بناکررکھنا چاہتے ہیں،اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز میں نامزد باپ اوربیٹا جس طرح وزیر اعظم اوروزیراعلیٰ بنے ہیں اس کی حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، سازش کے ذریعے حکومت کے خاتمے کے بعد تحریک انصاف کی مقبولیت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی چیئرمین عمران خان کی طرف سے حلقہ این ای129 الاٹ کرنے پر مبارکباد دینے کیلئے آنے والے حلقے کے اکابرین ،پارٹی رہنمائوں اور دیرینہ کارکنوں سے ملاقات میںگفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے آئندہ عام انتخابات میںحلقہ این اے 129 سے انتخاب لڑنے کیلئے بھرپور تیاری کی ہدایت کی ہے ،رہنمائوں اورکارکنوںنے پارٹی کی کامیابی کیلئے انفرادی اوراجتماعی کردارادا کرناہے اوراس کیلئے کارکنان اور عوام سے رابطے بڑھائے جائیں ۔

انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت میں بے پنا ہ معاشی مشکلا ت کے باوجود عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جتنے اقدامات اٹھائے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی اور ان شااللہ دوبارہ اقتدارمیں آکر ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں سے سازش کے ذریعے اس کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ(ن) سازش کے ذریعے اقتدارحاصل کرلینے کے باوجود خوف میں مبتلا ہیں اور عمران خان کے جلسوں میں عوام کی غیر معمولی تعداد کی شرکت نے ان کی راتوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات