امجد صابری کے صاحبزادے نے یادگار تصویر شیئر کر دی، مداح غمزدہ

مجددامجد صابری نے انسٹاگرام پر والد کی پان کھاتے ہنستے مسکراتے تصویر شیئر کی ،ساتھ دکھی ایموجی بھی بنایا

پیر 18 اپریل 2022 16:25

امجد صابری کے صاحبزادے نے یادگار تصویر شیئر کر دی، مداح غمزدہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2022ء) صابری برادران کی مشہور زمانہ قوالی گا کر شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اور لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے معروف قوال امجد صابری کے بیٹے نے اسلامی تاریخ کے حساب سے اپنے والد کی برسی پر یادگار تصویر شئیرکی ۔امجد صابری کے بیٹے مجدد امجد صابری نے انسٹاگرام پر والد کی پان کھاتے ہنستے مسکراتے تصویر شیئر کی اور ساتھ دکھی ایموجی بھی بنایا۔

فن قوالی میں دنیا بھر میں نام کمانے والے امجد صابری کو کراچی میں 16 رمضان 22 جون 2016 کو دوپہر تقریبا 4 بجے کے قریب نامعلوم افرا د نے فائر نگ کر کے قتل کردیا تھا۔انہیں اپنے مداحوں سے بچھڑے پانچ سال کا عرصہ بیت چکا ہے لیکن سماعتوں میں رس گھولنے والی ان کی آوازآج بھی کروڑوں مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

(جاری ہے)

سن 1976 کو کراچی کے معروف قوال گھرانے میں آنکھ کھولنے والے امجد صابری کو قوالی کا ذوق و شوق ورثے میں ملا، قوالی کی ابتدائی تربیت والد غلام فرید صابری اور بڑے بھائی عظمت صابری عرف اجو بھائی سے حاصل کی۔

امجد صابری نے پہلی بار صرف 12 سال کی عمر میں 1988 میں اسٹیج پر پرفارم کیا لیکن اپنے والد غلام فرید صابری کے انتقال کے بعد وہ ایک نئے روپ میں ابھر کر سامنے آئے۔امجد صابری کے 5 بچے ہیں جن میں 3 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں، بچے گاہے بگاہے والد سے منسوب سوشل میڈیا پوسٹس شیئر کرتے رہتے ہیں۔