Live Updates

اعتزاز احسن نے پیپلزپارٹی چھوڑنے سے متعلق خبروں کی تر دید کر دی

پیپلزپارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں، یہ میرے لیے خاندان کی طرح ہے،رہنما پیپلز پارٹی اعتزاز احسن

Umar Nawaz عمر نواز ہفتہ 23 اپریل 2022 17:51

اعتزاز احسن نے پیپلزپارٹی چھوڑنے سے متعلق خبروں کی تر دید کر دی
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 اپریل 2022ء ) رہنما پیپلز پارٹی اعتزاز احسن نے پیپلزپارٹی چھوڑنے سے متعلق خبروں کی تر دید کردی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں، یہ میرے لیے خاندان کی طرح ہے۔ اعتزاز احسن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پارٹی میں خیالات کا آزادی سے اظہار کرسکتا ہوں،اپنے خیالات کے اظہار کے لیے سوشل میڈیا کی ضرورت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے نام سے منسوب جعلی بیانات سوشل میڈیا پر چلائے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما اعتزاز احسن کے کئی ایسے ٹویٹ سامنے آ رہے ہیں جنہیں پڑھ کر جاننے والے حیران رہ جاتے ہیں، ٹویٹر پر ان کے نام سے متعد منسوب جعلی اکاؤنٹ استعمال ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اعتزاز احسن کے نام سے بعض اکاؤنٹ جو کہ ٹوئٹر پر موجود بھی نہیں لیکن پھر بھی انھیں ٹوئٹر اکاؤنٹ بنا کر تصویروں کی شکل میں مختلف واٹس ایپ گروپس پر شیئر کیا جاتا ہے۔

اسی طرح کا ایک اکاؤنٹ ایسا بھی ہے جس میں حال ہی میں اعتزاز احسن سے منسوب بیان میں لکھا گیا کہ امر بالمعروف جلسے نے ثابت کر دیا ہے کہ خودمختار اور بیرونی مداخلت سے پاک پاکستان پاکستانیوں کی واحد منزل اور وزیرِ اعظم عمران خان ان کے محبوب لیڈر اور قائد ہیں۔ خیال رہے کہ اعتزاز احسن نے اپنے اصل اکاؤنٹ سے ٹویٹ 30 جنوری، 2021 کو کی تھی اور اس میں انہوں نے سینیٹر شیری رحمان، پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما قمرالزمان کائرہ اور مرحوم سینیٹر رحمان ملک کو (جو اس وقت حیات تھے اور ان کی وفات اس سال 23 فروری کو ہوئی) ٹیگ کر کے لکھا ہے کہ ’میں ٹویٹ کرنے پر یقین نہیں رکھتا کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ یہ آدھے سچ کا میڈیم ہے۔

البتہ مختلف ایڈریسز سے بہت سے جعلی ٹویٹ جاری کیے گئے ہیں جن کا مقصد میری آرا کی غلط ترجمانی کرنا اور مجھے بدنام کرنا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات