Live Updates

شاہ محمود قریشی وزارت سے مستعفی ہونے کے بعد (کل )ملتان پہنچیں گے‘ملتان پہنچنے پر فقیدالمثال استقبال ہوگا

ہفتہ 23 اپریل 2022 23:15

شاہ محمود قریشی وزارت سے مستعفی ہونے کے بعد (کل )ملتان پہنچیں گے‘ملتان ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وزارت سے مستعفی ہونے کے بعد اپنے صاحبزادے و سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی کے ہمراہ (کل )اتوار کوشب 8 بجے ملتان پہنچیں گے۔ شاہ رکن عالم انٹر چینج بابر چوک کوٹ رب نواز پر ان کا شاندار استقبال کیا جائیگا جہاں سے وہ ایک بہت بڑی ریلی کی صورت میں اپنی رہائش گاہ باب القریش پہنچیں گے۔

بابر چوک سے براستہ وہاڑی چوک‘ بی سی جی چوک‘ چونگی نمبر14‘ منظور آباد‘ حافظ جمال روڈسے دولت گیٹ چوک تک مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ جہاں پر ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی‘پی ٹی آئی کارکنان‘ معززین شہر‘ سول سوسائٹی کے نمائندے اور حلقہ این اے 156 این اے 157 کے ووٹرز مخدوم شاہ محمود قریشی کا فقید المثال استقبال کریں گے۔

(جاری ہے)

قبل ا زیں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی ملتان آمداور استقبال کے حوالے سے اجلاس گزشتہ روز باب القریش ملتان میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر نے کی۔ اجلاس میں سابق صوبائی وزیر معین قریشی‘سابق پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی‘ اعجاز حسین جنجوعہ‘ ضلعی صدر پی ٹی آئی خالد جاوید وڑائچ‘ سٹی صدر ملک عدنان ڈوگر‘ سٹی جنرل سیکرٹری راؤ آصف‘ وویمن ونگ کی رہنما قربان فاطمہ‘ ڈاکٹر رو بینہ اختر‘ سیدہ عروج فاطمہ‘ آصفہ سلیم‘ شازیہ وحید بھٹی‘ گل نسرین ودیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ثابت قدم رہنے اور ہر اول دستہ کا کردار ادا کرنے پر سابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے کردار کو سراہا گیا۔ اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں طے کیا گیا ملتان کی ہر دل عزیز شخصیت اور فرزند ملتان مخدوم شاہ محمود قریشی کا ملتان آمد پر بھر پور استقبال کیا جائے گا۔ اس حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اورکارکنوں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ 24 اپریل کو اپنے محبوب قائد کے استقبال کیلئے ریلیوں کی صورت میں استقبالیہ کیمپوں میں پہنچیں۔

جہاں پر معززین شہر‘ اراکین اسمبلی اور پی ٹی آئی ورکرز کثیر تعداد میں مخدوم شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کریں گے۔ بعد ازاں سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘ معین ریاض قریشی‘ندیم قریشی‘ قربان فاطمہ ودیگر عہدیداروں نے چوک دولت گیٹ پر استقبالیہ کیمپ لگانے کیلئے مجوزہ جگہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہو ں نے بتایا سابق وزیر خارجہ ریلی کے اختتام پر چوک دولت گیٹ پر عمائدین و میڈیا سے خطاب کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات