وزیراعظم شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل لاہور کا دورہ کیا ، وزیراعظم کی قیدیوں کے کھانے پینے اور صحت کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت

اتوار 24 اپریل 2022 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2022ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل لاہور کا دورہ کیا اور پاکستان بھر میں قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی اوروزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی سربراہی میں جیلوں میں قیدیوں کی سہولت اور اور مجموعی نظام کی بہتری کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کے لئے کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اتوار کو وزیر اعظم نے دورہ لاہور کے موقع پر کوٹ لکھپت جیل کادورہ کیا اور قیدیوں کی سزائوں میں دوماہ کی کمی کا اعلان کیا اور جیل اصلاحات کے لئے وزیر داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ جیل اصلاحات کمیٹی میں چاروں صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے افسران شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ جو قیدی اپنی سزا مکمل کرلیں ان کو معاشرے کا فعال شہری بنانے میں ہرممکن سرپرستی حکومت کے فرائض میں شامل ہے۔وزیراعظم نے کوٹ لکھپت جیل حکام کو خصوصی تاکید کی کہ قیدیوں کی سہولت کے لیے دستیاب ذرائع کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لایا جائے تاکہ قیدیوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے اس تناظر میں وزیراعظم نے قیدیوں کے کھانے پینے اور صحت کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کی تاکید کی ۔

وزیراعظم نے قیدیوں کی ہنر سازی کے لیے بھی دستیاب ذرائع کو موثر طور پر استعمال میں لانے کی خصوصی ہدایت کی تاکہ قیدی اپنی سزا کا دورانیہ مثبت انداز میں پورا کر سکیں اور اپنے آپ کو سزا کے بعد معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے بھرپور طریقے سے تیار کرسکیں۔\932