پی ایس ایل میں واپسی، شاہد آفریدی نے حتمی اعلان کردیا

فرنچائز کرکٹ نوجوانوں کا کھیل ہے، اب ہم بزرگ ہوگئے، دیگر لیجنڈز کے ساتھ ایم ایس ایل میں کھیلوں گا: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 26 اپریل 2022 15:44

پی ایس ایل میں واپسی، شاہد آفریدی نے حتمی اعلان کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اپریل 2022ء ) پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا شمار وائٹ بال کرکٹ کے عظیم ترین کرکٹرز میں ہوتا ہے۔ شاہد آفریدی نے حال ہی میں ختم ہونے والے پی ایس ایل 7 میں تمام کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اگلی پاکستان سپر لیگ میں شرکت کریں گے یا نہیں، انہوں نے جواب دیا کہ ’فرنچائز کرکٹ نوجوانوں کا کھیل ہے اور وہ دیگر لیجنڈز کے ساتھ ایم ایس ایل میں کھیلیں گے‘۔

مقامی کرکٹ لیگ کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل نوجوانوں کے لیے ہے۔ میں اب بوڑھا ہو گیا ہوں اس لیے نوجوانوں کو پی ایس ایل میں کھیلنے دیں، میں، مشتاق احمد، انضمام الحق اور وقار یونس ایم ایس ایل میں کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے سابق آل راؤنڈر نے ایک تفریحی لیگ میگا سٹارز لیگ کا آغاز کیا جو اس سال ستمبر میں راولپنڈی میں کھیلی جانی تھی۔

اس لیگ کا مقصد سابق کرکٹرز اور کھلاڑیوں کی مالی مدد کرنا ہے۔ پی ایس ایل 7 سے قبل شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ یہ ان کا پی ایس ایل کا آخری سیزن ہوگا لیکن کمر کی انجری کے باعث وہ ٹورنامنٹ درمیان میں ہی چھوڑ گئے۔ اپنے پی ایس ایل کیریئر کے دوران انہوں نے پشاور زلمی، ملتان سلطان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی۔ شاہد آفریدی نے 99 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 1416 رنز بنائے اور 98 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں 2007ء کے افتتاحی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا اور 2009ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو فتح دلائی۔