سینیٹر مصدق ملک نے وزیر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹر مصدق ملک سے عہدے کا حلف لیا

Umar Nawaz عمر نواز جمعرات 28 اپریل 2022 13:31

سینیٹر مصدق ملک نے وزیر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 اپریل 2022ء ) سینیٹر مصدق ملک نے وزیر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا،حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹر مصدق ملک سے عہدے کا حلف لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر مملکت وسینیٹر مصدق ملک کو توانائی کا قلمدان دیا جائے گا۔ گزشتہ روزبلاول بھٹو زرداری نے بھی وفاقی وزیر خارجہ کا حلف اٹھا لیا تھا۔

 ان کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی تھی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلاول بھٹوسے حلف لیا تھا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری، راجہ پرویز اشرف اور بلاول بھٹو کی بہن آصفہ بھٹو جبکہ اس موقع پر پی پی قیادت سمیت دیگر حکومتی اراکین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حلف برداری کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے بلاول بھٹو زرداری سے مصافحہ کیا اور انہیں مبارکباد دی جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو سے گلے مل کر انہیں مبارکباد دی تھی۔

 اس سے ایک روز قبل چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بطور وزیرخارجہ وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں اسلام آباد پہنچ کر کابینہ کا حصہ بنوں گا۔چند روز قبل وفاقی کابینہنے حلف لیا تھا۔وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ایوانِ صدر میں ہوئی تھی۔30 وفاقی وزراء اور وزائے مملکت نے  اپنے عہدے کا حلف اٹھایاتھا۔

حلف اٹھانے والوں میں وزیراعظم کے 4 مشیر بھی شامل تھے۔30 ارکان پارلیمنٹ نے بطور وفاقی وزیر اور 4 ارکان نے بطور وزیر مملکت حلف اٹھایا۔حلف اٹھانے والوں میں مسلم لیگ ن کے 14 اور پیپلز پارٹی کے 9 ارکان شامل تھے۔دیگراتحادی جماعتوں سےتعلق رکھنے والے وزرا بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔قبل ازیں بتایا گیا کہ نئی وفاقی کابینہ 34 رکنی ہوگی جس میں پیپلزپارٹی کے 11 ، ن لیگ کے 14 اور جے یو آئی کے 4 وزرا حلف اٹھائیں گے جب کہ 7 وزارتیں دیگر اتحادی جماعتوں کو دی جائیں گی ۔

معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثناءاللہ، ایاز صادق، رانا تنویر، خرم دستگیر، سعد رفیق، جاوید لطیف، ریاض پیرزادہ، مرتضیٰ جاوید عباسی اور اعظم نذیر تارڑ کابینہ کا حصہ ہیں ، پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ، نوید قمر اور شیری رحمان، قادر پٹیل، شازیہ مری، مرتضیٰ محمود، ساجد حسین ، احسان الرحمان اور عابد حسین کابینہ کا حصہ ہوں گے۔

اسی طرح جمعیت علمائے اسلام ف کے اسعد محمود، عبدالواسع، مفتی عبدالشکور اور سینیٹر طلحہ محمود کابینہ میں شامل ہوں گے ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے امین الحق اور فیصل سبزواری بھی کابینہ کا حصہ ہیں ، بلوچستان عوامی پارٹی کے اسرار ترین، جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی کابینہ کا حصہ ہیں جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی عائشہ غوث پاشا اور عبدالرحمان وزیر مملکت ہوں گے اسی طرح پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر، مصطفی نواز کھوکھر بھی وزیر مملکت ہوں گے جبکہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء قمر زمان کائرہ مشیر برائے وزیراعظم ہوں گے اور ن لیگ کے امیر مقام کے علاوہ مفتاح اسماعیل بھی وزیراعظم کے مشیر ہوں گے۔