Live Updates

جے یو پی کاتحفظ آئین تحریک شروع کرنے کا فیصلہ ، قومی خزانہ لوٹنے پر تشویش کا اظہا

جمعرات 28 اپریل 2022 23:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2022ء) جمعیت علمائے پاکستان (سواد اعظم) کے مرکزی صدر پیر سید محمدمحفوظ مشہدی کی زیر صدارت اجلاس میں سابقہ حکومت کے دور میں کرپشن اور قومی خزانہ لوٹنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیاکہ حیرت ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر اعظم پر رہنے والا شخص بیرونی تحائف کے بارے میں ’میرا تحفہ میری مرضی ‘ کی منترا سنا رہے ہیں جیسے مغرب زدہ عورتیں’ میر ا جسم میری مرضی ‘کا نعرہ لگاتی ہیں۔

یعنی دونوں ایک ہی نعرے پر متفق ہیں۔عمران خان کبھی ریاست مدینہ ،کبھی امرباالمعروف، کبھی انڈونیشیا اور ترکی کے حکومتی ماڈل کی بات کرتے ہیں۔ انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ سیاسی نظام کونسا ہونا چاہیے، دراصل وہ اقتدار کے لئے ایسی حرکتیںکرتے ہیں ، جو جمہوری معاشروں میں قابل قبول نہیں ۔

(جاری ہے)

پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ امریکہ کو حکومت کے خاتمے کا ذمہ دار قرارددینا افسوسناک ہے جبکہ وزیر اعظم منتخب ہونے پر عمران خان امریکہ کے دورے پر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرکے آئے تو اپنے دورے کو دوسرا ورلڈ کپ جیتنے کے مترادف قراردیا۔

حالانکہ وہ خفیہ طور پر کشمیر کا سودا کرکے آئے تھے۔سابق وزیر اعظم کبھی انڈیا کے کشمیر پر مظالم کی مذمت کرتے ہیں تو کبھی بھارتی خارجہ پالیسی کی تعریف کرتے ہیں اور بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو بھول جاتے ہیں ۔یہ سیاست میں بڑی منافقت ہے ۔جے یو پی کے نمائندہ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ عید الفطر کے بعد پورے ملک میں ’تحفظ آئین پاکستان‘دور ے کیے جائیں گے ۔

ریلیاں اورسیمینار منعقد ہوں گے۔ پیر محفوظ مشہدی نے کہا 1973ء کے آئین کے بانیوںقائد ملت اسلامیہ مولانا شاہ احمد نورانی کا بڑا بھی کردار تھا ۔ہم ان کی پیروی میں آئین کا تحفظ کرنے میں عوام کو یکجا کریں گے اور بدا منی اور اففراتفری کے خاتمے کے لیے بھائی چارے کی فضا قائم کریں گے۔ اجلاس میں اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت مہنگائی بے روزگاری پر قابو پائے گی ۔

امن و امان برقرار رکھنے اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کرے گی۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل پیر محمد اقبال شاہ، مولانا نصیر احمد اویسی، واجد علی گیلانی، قاضی عبدالغفار ،مولانامحمد شفیق چشتی، حسن رضا سیالوی، احمد ظہوری، مولانا غلام نبی معصومی ، سید غلام مرتضی ،بابا صدیق چشتی ،اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات