پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے ہی وابستہ ہے ،تعلیمی اداروں کے ذریعے نوجوانوں کی مثبت رہنمائی کی جائے ،چیئرمین اسلامی نطریاتی کونسل پروفیسر قبلہ ایاز

ہفتہ 30 اپریل 2022 22:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2022ء) چیئرمین اسلامی نطریاتی کونسل پروفیسر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ معاشرے میں عدم برداشت کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لئے ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں کے ذریعے نوجوانوں کی مثبت رہنمائی کی جائے پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے ہی وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نے شعور فاونڈیشن کے زیر اہتمام بلوچستان کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز کی فکری نشست بعنوان "تعلیمی اداروں میں انتہا پسند سوچ سے نمٹنے کا لائحہ عمل" سے خطاب کرتے ہوئے کیا پروگرام کا مقصد پاکستان کی جامعات میں انتہا پسندانہ سوچ کو ختم کرنے کی موثر منصوبہ بندی اور اقدامات پر سیر حاصل گفتگو تھا۔

دیگر مقررین میں وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کہا کہ یہ ایک پرامن معاشرے کے قیام کے لئے اجتماعی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی اسلامی نیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد ضیا الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مشترکہ کاوشیں وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ مل جل کر پاکستان کو ایک بار پھر پرامن اور روادار ملک بنایا جاسکے پروگرام میں بلوچستان کی سرکاری اور غیر سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز نے نوجوانوں میں فکری شعور کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔