Live Updates

مسجد نبوی ﷺواقعہ ؛ فیصل آباد کے بعد اٹک میں بھی عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج

نیا مقدمہ اٹک کے تھانہ ایئرپورٹ میں درج کیا گیا ‘ فواد چوہدری ، قاسم سوری ، مراد سعید ، شیخ رشید اور دیگر کئی افراد کو نامزد کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 1 مئی 2022 16:27

مسجد نبوی ﷺواقعہ ؛ فیصل آباد کے بعد اٹک میں بھی عمران خان اور دیگر کے ..
اٹک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 مئی 2022ء ) مسجد نبوی ﷺ واقعے کے الزام میں فیصل آباد کے بعد اٹک میں بھی عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق نیا مقدمہ اٹک کے تھانہ ایئرپورٹ میں درج کیا گیا ہے جس میں عمران خان کے ساتھ فواد چوہدری ، قاسم سوری ، مراد سعید ، شیخ رشید اور دیگر کئی افراد کو نامزد کیا گیا ہے ۔ اس سے پہلے مسجد نبویؐ میں پیش آئے واقعے پر فیصل آباد میں بھی تحریک انصاف کے چيئرمین عمران خان، شیخ رشید، فواد چوہدری، شہباز گِل، قاسم سوری ، انیل مسرت اور صاحبزادہ جہانگیر سمیت 150 افراد کے خلاف پرچہ کاٹا گیا ہے ، فیصل آباد میں درج کیے گئے مقدمے میں توہینِ مذہب کی دفعہ سمیت 4 دفعات لگائی گئی ہیں۔

دوسری طرف سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو سعودی عرب سے اسلام آباد پہنچنے پر حراست میں لے لیا گیا ، ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق عمرہ کی ادائیگی کے بعد اتوار کی صبح نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو وہاں ایف آئی اے امیگریشن اسٹاف کے ہمراہ سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے انہیں روک کر حراست میں لے لیا ، جس کے بعد سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد انھہیں تحویل میں لے کر ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

ادھر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے مسجد نبوی ؐ میں پیش آنے والے واقعہ پر کہاتھا کہ واقعہ کی منصوبہ بندی پاکستان میں ہوئی ، گینگ کی کمانڈ شہزادہ جہانگیر اور انیل مسرت کررہے تھے ،عمران خان ، شیخ رشید ، فواد چوہدری اور شیخ رشید کے بیانات سب کے سامنے ہیں ، جن کے بھتیجے راشد شفیق نے باقاعدہ لوگوں کو اکٹھا کیا ، اور انہوں نے ایک گینگ برطانیہ سے بھی منگوایا ، گینگ کی کمانڈ شہزادہ جہانگیر اور انیل مسرت کررہے تھے ۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان جو کہتے رہے ہیں ، فواد چوہدری ، شہباز گل اور شیخ رشید کے بیانات سب کے سامنے ہیں ، پلاننگ کے تحت کچھ لوگوں کو یہاں سے سعودی عرب بھیجا گیا ، ان کا مائنڈ سیٹ دیکھیں ،یہ لوگوں کو مسجد نبوی ؐمیں نماز پڑھنے سے رو ک رہے ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات