ملتان اور جنوبی پنجاب میں کورونا پابندیوں کے خاتمے کے بعدعید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی

منگل 3 مئی 2022 13:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2022ء) ملک بھر کی طرح ملتان اور جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں کورونا پابندیوں کے خاتمے کے بعد عید الفطر مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی۔مختلف عیدگاہوں ،جامع مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔ملتان میں کل 890 مقامات پر عید الفطر کی نماز ادا کی گئی جن میں 117 مقامات کو حساس قرار دیا گیا تھا، اس موقع پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ملتان پولیس کے 1980 پولیس افسران و اہلکاروں نے ڈیوٹی سرانجام دی جبکہ 427 پولیس قومی رضا کار بھی اس موقع پر پولیس کی معاونت کےلئے موجودتھے۔

اس کے علاوہ کسی بھی صورتحال سے نمنٹے کےلئے ریزو فورس پولیس لائنز میں موجود تھی۔

(جاری ہے)

ملتان میں عید کاسب سے بڑا اجتماع خانیوال روڈ پر شاہی عیدگاہ میں منعقد ہوا۔ اس کے علاوہ دربارحضرت بہاءالدین زکریا، دربارموسی پاک شہید، عیدگاہ کینٹ ،جامع خیرالمدارس،جامع خیرالعلوم، ابدالی مسجد، دارالحدیث محمدیہ، امام بارگاہ حیدریہ سمیت چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔

سابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نےدربار حضرت بہاءالدین زکریا ، سابق وزیراعظم اور سینیٹرسید یوسف رضا گیلانی نےدربارموسی پاک شہید اور سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی نے شاہی عیدگاہ میں نماز عید ادا کی۔ اس موقع پرعلماءکرام نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں ملک وقوم کی سلامتی اورخوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

نماز عید کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ نمازیوں کو عید گاہوں میں جامہ تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔ اس کے علاوہ ڈولفن فورس، محافظ اسکواڈ، گھڑ سوار اور ایلیٹ فورس کے چاک و چوبند دستے بھی شہر بھر میں گشت کرتے رہے۔