Live Updates

شہباز گل کی گاڑی کو حادثے کا واقعہ، موٹروے پولیس کا موقف سامنے آ گیا

ملزم کے مطابق یہ اتفاقیہ حادثہ تھا،شہباز گل یا کسی اور کو نشانہ بنانا ہرگز مقصود نہیں تھا۔موٹروے پولیس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 6 مئی 2022 15:16

شہباز گل کی گاڑی کو حادثے کا واقعہ، موٹروے پولیس کا موقف سامنے آ گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2022ء) موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ 5 مئی کو شہباز گل کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔موٹروے پولیس کا بھی واقعے پر موقف سامنے آیا ہے۔موٹروے پولیس کے مطابق 5 مئی کو شہباز گل کی گاڑی کو حادثہ موٹروے ایم ٹو ساؤتھ بمقام خانقاہ ڈوگراں کے قریب پیش آیا۔ڈاکٹر شہباز گل اس حادثے میں محفوظ رہے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس اطلاع ملتے ہی فوراَ جائے حادثہ پہنچ گئی، ایف آئی آر شہباز گل کے رشتے دار جابر علی کی مدعیت میں درج کرائی گئی۔انعام غنی نے کہا کہ واقعے کی ایف آئی آر کالیکے منڈہ ضلع حافظ آباد میں درج کر لی گئی اور ملزم وجاہت علی کو مریدکے سے گرفتار کر لیا گیا۔موٹروے پولیس کےمطابق ایکسیڈنٹ شدہ گاڑی بھی پولیس کی تحویل میں ہے۔

(جاری ہے)

ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ اور کہا یہ حادثہ تھا، ملزم کے مطابق شہباز گل یا کسی اور کو نشانہ بنانا ہرگز مقصود نہیں تھا۔خیال رہے کہ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی گاڑی سے ٹکرانے والی گاڑی کے مالک اور ڈرائیور کو گرفتار کیا تھا۔پولیس کے مطابق گاڑی کا مالک طاہر نذیر مرید کے کا رہائشی ہے جس نے گرفتاری کے بعد بیان میں بتایا کہ اس نے وہ کار وجاہت علی نامی شخص کو کرائے پر دی تھی جو اپنی فیملی کے ساتھ اسلام آباد جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گیا۔

حادثے کا شکار ہونے والی کار اور ڈرائیور وجاہت علی کو تھانہ مرید کے لایا گیا جہاں کار ڈرائیور نے بتایا کہ وہ جائے حادثہ پر کچھ دیر رکا لیکن جونہی شہباز گل کو گاڑی سے نکلتے دیکھا تو ڈر کے مارے جائے حادثے سے بھاگ کھڑا ہوا۔پولیس کے مطابق جائے حادثہ کے شواہد اور وجاہت علی سے تفتیش کے مطابق یہ ایک عام کار حادثہ ہے جو ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات