جنوبی افریقی کرکٹر ریلی روسو ٹی ٹونٹی بلاسٹ کے لئے سمرسیٹ میں شامل

جمعہ 6 مئی 2022 22:10

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2022ء) جنوبی افریقی کرکٹر ریلی روسو کا ٹی ٹونٹی بلاسٹ کے لئے سمرسیٹ کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے، سٹار بلے باز نے اوورسیز کھلاڑی کی حیثیت سے کلب کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے۔ ریلی روسو نے2017 ء سے 2019ء تک ہیمپشائر کی طرف سے تین سیزن میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

سمر سیٹ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کے بعد جاری پریس ریلیز میں ریلی روسو نے سمرسیٹ کے خلاف 113 گیندوں پر 156 رنز کی یادگار اننگز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آج بھی یاد ہے کہ سمرسیٹ کے خلاف سنچری سکور کرنے پر مداحوں اور کلب ممبران نے اس پر کیسے رد عمل ظاہر کیا حالانکہ میں مخالف ٹیم میں کھیل رہا تھا۔

ان لمحات کو میں کبھی نہیں بھولا۔ ریلی روسو رواں سیزن میں سمرسیٹ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے والے چوتھے اوورسیز کھلاڑی ہیں۔ سمرسیٹ کلب نے ریلی روسو کے ساتھ معاہدے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریلی روسو کے آنے سے ان کے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں گے اور وہ روسو کے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ واضح رہے ریلی روسو نے پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں 167.68 کے اسٹرائیک ریٹ سے 39.28 کی اوسط سے رنز سکور کرکے ملتان سلطانز کو فائنل تک پہنچایا۔