ماریوپول کا قبضہ حاصل کرنے کی جنگ آخری مراحل میں داخل

روسی افواج وکٹری ڈے یا یوم فتح سے قبل ماریوپول کا مکمل قبضہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں

اتوار 8 مئی 2022 12:00

کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2022ء) یوکرین کے ساحلی شہر ماریوپول کا قبضہ حاصل کرنے کی جنگ آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے جبکہ روسی فوجیوں کی کوشش ہے کہ پیر سے پہلے اسے فتح کر لیا جائے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روسی افواج سے متعلق خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ پیر کو وکٹری ڈے یا یوم فتح سے قبل وہ ماریوپول کا مکمل قبضہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

خیال رہے کہ 9 مئی کو روس نازی جرمنی کو 1945 میں شکست دینے کی خوشی میں وکٹری ڈے یا یوم فتح مناتا ہے۔ماریوپول کا مکمل قبضہ حاصل کرنے کی صورت میں روس اس ساحلی شہر اور کریمیا کے درمیان زمینی رابطہ قائم کر سکے گا۔ روس نے سال 2014 میں کریمیا پر قبضہ کیا تھا جو اب بھی روس نواز علیحدگی پسندوں کے زیر انتظام ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں یوکرین کے حکام نے کہا ہے کہ جنوبی ساحلی شہر ماریوپول میں محصور ایزوسٹل سٹیل پلانٹ سے تمام خواتین، بچوں اور عمر رسیدہ افراد کو نکال لیا گیا ہے۔

خبر رساں اداروں اے ایف پی اور روئٹرز کے مطابق اب بھی یوکرینی فوجی سٹیل مل میں موجود ہیں جبکہ روسی فوجیوں نے پلانٹ کے اردگرد اپنی گرفت مضبوط کی ہوئی ہے۔سابق سویت دور کی سٹیل مل یوکرینی ماریوپول کا واحد حصہ ہے جو یوکرینی فوج کے قبضے میں تھا۔فوجی طبی عملے کی ایک رکن یوجینیا تیترینکو کا کہنا ہے کہ ان کا شوہر اور دیگر ساتھی اب بھی سٹیل مل میں پھنسے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :