بھارت سے ہارنے پر بورڈ نے کسینو سکینڈل بنوا دیا: معین خان

ایک گروپ نے میرے گھر کے سامنے مظاہرہ کیا، دروازے پر انڈے برسائے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 9 مئی 2022 15:40

بھارت سے ہارنے پر بورڈ نے کسینو سکینڈل بنوا دیا: معین خان
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 مئی 2022ء ) سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے اپنے خلاف سازش کا پردہ چاک کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ورلڈ کپ 2015ء کے دوران کیسینو سیکنڈل کو بعض پی سی بی آفیشلز نے ہوا دینے کی غرض سے میڈیا کو بھڑکایا، معاملے کو نمایاں کرنے کا مقصد میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست پرعوامی ردعمل سے بچنا تھا۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقدہ میگا ایونٹ میں پاکستان کے چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں ادا کرنے والے معین خان نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں کہا کہ میں کرائسٹ چرچ کے مقامی کیسینو جوا کھیلنے نہیں بلکہ اپنی اہلیہ کے لیے کھانا لینے گیا تھا، واقعے کو غیرضروری طور پر ہوا دی گئی۔ سابق ہیڈ کوچ معین خان نے پی سی بی میں موجود بعض افراد کو مورد الزام ٹہراتے ہوئے کہا کہ انھوں نے بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کی ناکامی پربڑھتے ہوئے عوامی دباؤ کا رخ موڑنے کے لیے میڈیا کو سکینڈل بنانے کی شہ دی، اسی تسلسل میں ایک گروپ نے کراچی میں میرے گھر کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے دروازے پر انڈے برسائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مذکورہ سکینڈل سامنے آنے کے بعد پی سی بی نے معین خان کو فوری طورپر واپس وطن طلب کرتے ہوئے وضاحت مانگی تھی، اس وقت کے چیئرمین شہر یار خان نے معین خان کی معذرت قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیف سلیکٹرضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب نہیں ہوئے۔