ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ رک نہ سکا

کاروباری ہفتے کے پہلے روز امریکی کرنسی کی قیمت 1 روپے سے زائد کے اضافے کے بعد 188 روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی

muhammad ali محمد علی پیر 9 مئی 2022 20:34

ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ رک نہ سکا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 مئی 2022ء) ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ رک نہ سکا، کاروباری ہفتے کے پہلے روز امریکی کرنسی کی قیمت 1 روپے سے زائد کے اضافے کے بعد 188 روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری سیاسی غیر یقینی کی صورتحال نے کرنسی مارکیٹ میں پاکستانیہ روپیہ کو بری طرح بدحال کر دیا ہے۔ پیر کو کاروباری ہفتے کے پہلے روز ڈالر کی قیمت میں مزید ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 1روپے 30 پیسے اضافے سے 188 روپے 30 پیسے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔ جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 90 پیسے مہنگا ہو گیا۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق پیر کے روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 186 روپے 63 پیسے سے بڑھ کر 187 روپے 53 پیسے ہو گئی ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پیر کے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی بدترین مندی ریکارڈ کی گئی، سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔ رواں کاروباری ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران کاروبار کا آغاز ہی بدترین مندی سے ہوا، صبح دس بجے تک 100 انڈیکس 476.01 پوائنٹس کھو بیٹھا تھا، دوپہر 12 بجے تک مندی 1 ہزار پوائنٹس سے بھی کراس کر گئی تھی۔ دوپہر دو بجے کے قریب کاروبار میں انڈیکس میں 1500 پوائنٹس سے زائد کی مندی ریکارڈ کی گئی۔

تاہم کاروبار کے اختتام پر کچھ بہتری ہوئی اور انڈیکس 1447.67 پوائنٹس کی تنزلی دیکھی گئی، یہ مندی حصص مارکیٹ میں 5 ماہ کی بدترین مندی ہے جبکہ ٹریڈنگ کے دوران 44 ہزار کی نفسیاتی حد گر گئی اور 100 انڈیکس 43393.14 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 3.23 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 17 کروڑ 7 لاکھ 35 ہزار 940 شیئرز کا لین دین ہوا۔ جبکہ مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 180 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔