پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نام نہاد ’’حد بندی کمیشن‘‘ کی رپورٹ مسترد کردی، بھارت کی اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو جائز قرار دینے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، ترجمان دفترخارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعرات 12 مئی 2022 21:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2022ء) پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نام نہاد ’’حد بندی کمیشن‘‘ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا موقف غیر مبہم اور واضح ہے کہ بھارت کے مقبوضہ علاقہ میں 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد کئے جانے والے تمام اقدامات بین الاقوامی قوانین ، چوتھے جنیوا کنونشن اور جموں و کشمیر کے تنازعہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادیں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے جمعرات کو یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ بھارت کی اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو جائز قرار دینے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، بھارتی اقدامات کا مقصد جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانا اور مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی ساخت میں تبدیلی لانا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جاسکے، پاکستان اور کشمیری عوام ان تمام اقدامات کو مسترد کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ یہ رپورٹ بی جے پی حکومت کے کشمیریوں کو بے اختیار اور حق رائے دہی سے محروم کرنے کے مکروہ منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد مقبوضہ علاقہ میں انتخابی توازن کو جموں کے حق میں کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پوری مشق غیر قانونی ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، حکومت پاکستان نے اس رپورٹ کو واضح طور پر مسترد کردیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس معاملے پر بھارتی ناظم الامور کو ایک سخت ڈیمارچ کیا گیاجنہیں 5 مئی کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 10مئی کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ایک خط میں بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کا معاملہ اٹھایا، وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ حد بندی کی مشق کا اصل مقصد بی جے پی-آر ایس ایس کے اشتراک سے مقبوضہ کشمیر میں ایک اور کٹھ پتلی حکومت کے لیے راہ ہموار کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو کہ اس کے "ہندوتوا" نظریے کی پیروی کرتی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ آج وزیر خارجہ نے قومی اسمبلی کو بریفنگ دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں حد بندی کے حالیہ اقدام کو پاکستان کی طرف سے دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا۔ ترجمان نے کہا کہ قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر نام نہاد ’حد بندی کمیشن‘ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی اور کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر بیداری پیدا کرنے اور مطلوبہ ردعمل کو متحرک کرنے کے لیے عالمی برادری تک رسائی جاری رکھے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 28 سے 30 اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کیا جو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا جو دونوں ممالک کے درمیان قریبی تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی تھا۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے جدہ میں وزیراعظم کا استقبال کیا۔

انہوں نے کہا کہ دورہ کے اختتام پر جاری ہونے والا جامع مشترکہ بیان جاری کیا گیا جس میں پاکستان اور اس کی معیشت کو مسلسل حمایت، تجارتی اور کاروباری تعلقات کو وسعت دینے، سرمایہ کاری بڑھنے اور پاکستان کی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ دورے کے دوران او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے تنازعہ پر او آئی سی کی ثابت قدمی اور بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ سعودی عرب کے بعد وفد نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا جہاں وزیر اعظم نے ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔ انہوں نے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر وسیع مشاورت کی۔

دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے سفارتی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ وزیر خارجہ کو مبارکباد کی کالیں موصول ہوئیں، جن میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، کویتی وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد ناصر الصباح، امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ٹیلیفون شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ وسیع البنیاد تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور باہمی مفاد کی بنیاد پر تعمیری اور پائیدار روابط خطے اور اس سے باہر امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے بلاول بھٹو زرداری کو دوسری عالمی کوویڈ سمٹ اور 18 مئی کو نیویارک میں منعقد ہونے والی گلوبل فوڈ سیکیورٹی پر وزارتی اجلاس میں شرکت کی بھی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں فریقین نے سٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے اور ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کی حمایت جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ نے دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری میں نئی ​​رفتار پیدا کرنے اور عملی تعاون کی نئی راہیں شامل کرنے کے اپنے عزم پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے کراچی یونیورسٹی میں دہشت گردی کے حملے کی مذمت کی جس میں تین چینی اساتذہ کی جانیں گئیں، وزیر خارجہ نے مجرموں کو پکڑنے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کے پاکستان کے پختہ عزم پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ملک میں چینی منصوبوں، شہریوں اور اداروں کی حفاظت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ 9 مئی کو، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں ورچوئل فارمیٹ میں منعقدہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے گروپ آف فرینڈز کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کیا۔

برطانوی ہائی کمشنر اور چینی ناظم الامور نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے ایران، کیوبا، پولینڈ اور سویڈن کے سفیروں اور کینیڈین ہائی کمشنر سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت ہوئی، وزیر مملکت نے وارسا، پولینڈ میں منعقدہ یوکرین کے لیے اعلیٰ سطحی بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس میں ورچول شرکت کی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان یوکرین تنازعہ کے حل کے لئے مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے ہمہ گیر اور مستقل اطلاق کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے افغانستان میں آنے والے شدید سیلاب کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کو پہنچنے والے نقصان پر گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر 7 اور 11 مئی کو ہنگامی امدادی امداد کے دو طیارے مزار شریف روانہ کیے گئے۔ پاکستان نے 28 اور 29 اپریل 2022 کو مزار شریف اور کابل میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی بھی شدید مذمت کی۔ ترجمان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں 10 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ انہوں نے بھارت کی ریاست کرناٹک میں اذان میں رکاوٹ ڈالنے کے ہندو انتہا پسندوں کی کارروائی پر بھی سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسلاموفوبیا کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔