ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کی کارروائی ،ایک کلو گرام سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن کی اسمگلنگ ناکام ، مسافر گرفتار

جمعہ 13 مئی 2022 16:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2022ء) ائیرپورٹ سکیورٹی فورس نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کلو گرام سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن کی اسمگلنگ ناکام بنا کر ایک مسافر کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ترجمان ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کے مطابق مسافر احسان اللہ جدہ جانے کیلئے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہنچا تھا جہاں اے ایس ایف کے ماہر عملے نے سامان کی اسکیننگ کے دوران سفری بیگ کو مشتبہ قرار دیا۔

اے ایس ایف کے مطابق مزید چھان بین کے دوران عملے نے بیگ سے ایک کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کرلی، مسافر نے ہیروئن بیگ کی تہہ کے اندر کپڑے میں جیب کی طرح سلے 13 چھوٹے پیکٹوں میں مہارت سے چھپا رکھی۔اے ایس ایف کے مطابق ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔