آئندہ پورے ہفتے ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر متوقع ہے،، محکمہ موسمیات

جمعہ 13 مئی 2022 17:37

آئندہ پورے ہفتے ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر متوقع ہے،، محکمہ موسمیات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2022ء) ترجمان پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ پورے ہفتے ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر متوقع ہے،آئندہ ہفتے کے دوران موسم کی شدت میں اضافے کے سبب پنجاب کے بالائی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 7تا9ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے،آئندہ ہفتے پنجاب کے وسطی و جنوبی علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے،جنوبی و وسطی پنجاب میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 6تا 8ڈگری بلند رہے گا،گرمی کی شدت کے سبب آبی ذخائر،فصلوں اور باغات کو پانی کی ترسیل میں کمی جبکہ توانائی کی طلب میں مزید اضافے کے بھی امکانات ہیں۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کوموسم میں شدت کے سبب ہنگامی حالات میں فوری امدادی کارروائیوں کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سمیت تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے مستعد ہیں۔عوام سے اپیل ہے کہ پانی اور بجلی کا بے جا استعمال نا کریں، آئندہ پورے ہفتے دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ وقت گھروں کے اندر گزاریں،بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں،پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں،مرغن غذاؤں سے پرہیز کریں،نرم اور ہوا دار لباس کا انتخاب کریں،گھروں سے نکلتے وقت چھتری اور پانی کی بوتل ساتھ رکھیں،کھلے آسمان کے نیچے سورج کی تپش سے محفوظ رہنے کے لیے سر،گردن اور چہرے کو ڈھانپ کر رکھیں جبکہ خواتین چولہے کے سامنے کم سے کم وقت صرف کریں۔