شیخ خلیفہ بن زید النہیان آخری عالمی رہنما تھے جن سے شہید بینظیر نے 2007 میں ملاقات کی تھی

جبکہ شیخ زید بن سلطان النہیان پہلے عالمی رہنما تھے جنہوں نے شہید بینظیر بھٹو کا متحدہ عرب امارات میں استقبال کیا۔بختاور بھٹو کا اماراتی صدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 13 مئی 2022 17:36

شیخ خلیفہ بن زید النہیان آخری عالمی رہنما تھے جن سے شہید بینظیر نے 2007 ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 مئی 2022ء) سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شیخ زید بن سلطان النہیان پہلے عالمی رہنما تھے جنہوں نے شہید بینظیر بھٹو کا متحدہ عرب امارات میں استقبال کیا جب کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان وہ آخری عالمی رہنما تھے جن سے 2007 میں متحدہ عرب امارات سے نکلتے وقت بینظیر نے ملاقات کی تھی۔

انہوں نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کرتے ہوئے ان کے خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھی شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے بھی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے سماجی رابطے کی وئب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال کا سن کر گہرا رنج ہوا۔پاکستان ایک عظیم دوست اور متحدہ عرب امارات ایک وژنری رہنما سے محروم ہو گیا۔وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور وہاں کی عوام سے دلی افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے بلند درجات کے لیے دعاگو ہیں۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان آج انتقال کر گئے۔صدارتی امور کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زید النہیان 13 مئی کو انتقال کر گئے۔ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات نے 40 دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے جب کہ 3 روزہ عام تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے 73 سال کی عمر میں انتقال کیا،وہ 1948 میں پیدا ہوئے تھے۔شیخ خلیفہ بن زید النہیان یو اے ای کے دوسرے صدر اور شیخ زید کے سب سے بڑے بیٹے تھے۔شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے یو اے ای کے لیے پہلا اسٹریٹجک منصوبہ بنایا۔شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے دور میں یو اے ای نے تیز رفتار ترقی دیکھی۔ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے 3 نومبر 2004 سے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔انہوں نے یو اے ای کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا۔