Live Updates

چیئرمین پی ٹی آئی کا صدر یواے ای شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی رحلت پر اظہارتعزیت

شیخ خلیفہ بن زید النہیان پاکستان کے ایک عظیم دوست اور اپنے لوگوں کے صاحبِ بصیرت رہنما تھے،میری دعائیں اور ہمدردیاں شاہی خاندان اور اماراتی عوام کے ساتھ ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 13 مئی 2022 18:43

چیئرمین پی ٹی آئی کا صدر یواے ای شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی رحلت پر ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13مئی 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی رحلت پر اظہار تعزیت کیا ہے، انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان پاکستان کے ایک عظیم دوست اور اپنے لوگوں کے صاحبِ بصیرت رہنما تھے،میری دعائیں اور ہمدردیاں شاہی خاندان اور اماراتی عوام کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے تعزیتی ٹویٹ میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حاکم شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی رحلت کے بارے میں جان کر واقعتاً نہایت رنجیدہ ہوں۔ وہ پاکستان کے ایک عظیم دوست اور اپنے لوگوں کے صاحبِ بصیرت رہنما تھے۔ میری دعائیں اور ہمدردیاں شاہی خاندان اور اماراتی عوام کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے بھی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے سماجی رابطے کی وئب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال کا سن کر گہرا رنج ہوا۔پاکستان ایک عظیم دوست اور متحدہ عرب امارات ایک وژنری رہنما سے محروم ہو گیا۔وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور وہاں کی عوام سے دلی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے بلند درجات کے لیے دعاگو ہیں۔

اسی طرح پاک فوج کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔پاک فوج کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف اور پاک فوج کے تمام رینک متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پرافسوسناک اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک عظیم دوست کھو دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی روح کو سکون دے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت دے۔ پاکستان کے دیگر سیاستدانوں کی جانب سے بھی شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان آج انتقال کر گئے۔

صدارتی امور کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زید النہیان 13 مئی کو انتقال کر گئے۔ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات نے 40 دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے جب کہ 3 روزہ عام تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے 73 سال کی عمر میں انتقال کیا،وہ 1948 میں پیدا ہوئے تھے۔

شیخ خلیفہ بن زید النہیان یو اے ای کے دوسرے صدر اور شیخ زید کے سب سے بڑے بیٹے تھے۔شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے یو اے ای کے لیے پہلا اسٹریٹجک منصوبہ بنایا۔شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے دور میں یو اے ای نے تیز رفتار ترقی دیکھی۔ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے 3 نومبر 2004 سے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔انہوں نے یو اے ای کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات