متحدہ عرب امارات کے صدر کی نماز جنازہ اور تدفین کا عمل مکمل کر لیا گیا

مرحوم شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی نماز جنازہ شیخ سلطان بن زاید مسجد میں ادا کی گئی، تدفین ابوظہبی کے البطین قبرستان میں ہوئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 14 مئی 2022 01:26

متحدہ عرب امارات کے صدر کی نماز جنازہ اور تدفین کا عمل مکمل کر لیا گیا
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 مئی 2022ء) مرحوم شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی نماز جنازہ اور تدفین کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر مرحوم شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی نماز جنازہ شیخ سلطان بن زاید مسجد میں ادا کی گئی، جبکہ ان کی تدفین ابوظہبی کے البطین قبرستان میں ہوئی۔ جبکہ حکومت پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر ملک بھر میں سوگ کا اعلان کیا ہے۔

شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر 13 سے 15 مئی تک ملک میں 3 دن کیلئے قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے سماجی رابطے کی وئب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال کا سن کر گہرا رنج ہوا۔

(جاری ہے)

پاکستان ایک عظیم دوست اور متحدہ عرب امارات ایک وژنری رہنما سے محروم ہو گیا۔وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور وہاں کی عوام سے دلی افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے بلند درجات کے لیے دعاگو ہیں۔
۔ پاکستان کے دیگر سیاستدانوں کی جانب سے بھی شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان جمعہ کے روز انتقال کر گئے۔صدارتی امور کی وزارت نے اعلان کیا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زید النہیان 13 مئی کو انتقال کر گئے۔ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات نے 40 دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے جب کہ 3 روزہ عام تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے 73 سال کی عمر میں انتقال کیا،وہ 1948 میں پیدا ہوئے تھے۔شیخ خلیفہ بن زید النہیان یو اے ای کے دوسرے صدر اور شیخ زید کے سب سے بڑے بیٹے تھے۔شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے یو اے ای کے لیے پہلا اسٹریٹجک منصوبہ بنایا۔شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے دور میں یو اے ای نے تیز رفتار ترقی دیکھی۔ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے 3 نومبر 2004 سے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔انہوں نے یو اے ای کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا۔