Live Updates

سیالکوٹ جلسہ شیڈول کے مطابق ہوگا، کوئی ہلاکت ہوئی تو پنجاب حکومت ذمہ دار ہوگی:شاہ محمود قریشی

حکومت جو آگ لگا رہی ہے وہ سیالکوٹ تک محدود نہیں رہے گی،ہمارے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور انہیں بلاجواز گرفتار کیوں کیا گیا،کارکن اس قسم کے ہتھکنڈوں کے خلاف تیار ہو جائیں،ہم اپنے پرامن احتجاج کے آئینی حق سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے،سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی گفتگو

Umar Nawaz عمر نواز ہفتہ 14 مئی 2022 13:09

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 مئی 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ کا جلسہ شیڈول کے مطابق ہوگا،اگر کوئی ہلاکت ہوئی تو پنجاب حکومت ذمہ دار ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت جو آگ لگا رہی ہے وہ سیالکوٹ تک محدود نہیں رہے گی،ہمارے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور انہیں بلاجواز گرفتار کیوں کیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ کارکن اس قسم کے ہتھکنڈوں کے خلاف تیار ہو جائیں،ہم اپنے پرامن احتجاج کے آئینی حق سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ کارکنان پر کسی قسم کا تشدد کیا گیا تو اس کے ذمہ دار وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز اور ضلعی انتظامیہ ہو گی۔ ان کا کہنا ہے کہ پھر کہہ رہا ہوں ہوں کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، قانونی اور آئینی فیصلے کریں،ہمارے گرفتار کیے گئے کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ لندن جانے سے پہلے مسلم لیگ ن کی پالیسی کچھ اور تھی۔ میرے خیال میں یہ ایک نیا لندن پلان ہے جس پر عمل شروع کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہفتہ 10 دن پہلے انتظامیہ کہاں تھی؟ پنجاب کی انتظامیہ بلاوجہ نہ گھبرائے۔ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آج پنجاب میں ہمارا پہلا جلسہ منعقد نہیں ہو رہا۔

ہم نے اٹک، جہلم، میانوالی میں پر امن جلسے منعقد کیے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کارکنان جلسے میں شرکت کیلئے نکلیں گے اور جلسہ شیڈول کے مطابق ہو گا،عمران خان آج سیالکوٹ تشریف لائیں گے اور خطاب کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ آج سیالکوٹ میں جلسے کیلئے ضلعی حکومت سے اجازت لی تھی۔جلسہ گاہ کا تعین انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے اتفاق رائے کے بعد کیا گیا تھا۔ رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات تک ضلعی انتظامیہ اور ہمارے کارکنان مل کر انتظامات کو حتمی شکل رہے تھے، رات تک سب ٹھیک چل رہا تھا، اوپر سے ایک فون آیا اور انتظامیہ کا رویہ تبدیل ہو گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ آج وہ ماحول کو خراب کرنے پر کیوں تلے ہوئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات