Live Updates

فاشسٹ حکومت کی عمران خان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے کانپیں ٹانگنا شروع ہوچکی ہیں.فرخ حبیب

نون لیگ نے آج تک سبق نہیں سیکھا ہمارے ساڑھے 3 سالہ دورحکومت میں لانگ مارچ بھی ہوئے اسلام آباد بھی آئے اور ہر جگہ انہوں نے جلسے جلوس کیے ہم نے جمہوری روایات کو پامال نہیں کیا. سابق وزیرمملکت برائے اطلاعات کی فیصل آباد میں پریس کانفرنس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 14 مئی 2022 15:04

فاشسٹ حکومت کی عمران خان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے کانپیں ٹانگنا شروع ..
 فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 مئی ۔2022 ) سابق وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات اور تحریک انصاف کے مرکزی راہنما فرخ حبیب نے کہا کہ فاشسٹ حکومت کی عمران خان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے کانپیں ٹانگنا شروع ہوچکی ہیں جن کو دن میں تارے نظر آنا شروع ہو چکے ہیں اس حکومت نے 10 روز سیالکوٹ میں جلسے کی درخواست اپنے پاس رکھی اور جس دن جلسہ ہونا ہے اس رات کہتے ہیں کہ جلسہ گاہ میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے.

(جاری ہے)

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نون لیگ نے آج تک سبق نہیں سیکھا ہمارے ساڑھے 3 سالہ دورحکومت میں لانگ مارچ بھی ہوئے اسلام آباد بھی آئے اور ہر جگہ انہوں نے جلسے جلوس کیے ہم نے جمہوری روایات کو پامال نہیں کیا ہم نے کہا کہ یہ آئینی حق ہے حالانکہ ہمیں اعتراض تھا کہ یہ لوگ چور ہیں اور ضمانتوں پر ہیں پوری دنیا میں ایسے لوگوں کو نہ ہی معاشرہ قبول کرتا ہے اور نہ ہی میڈیا اس کے باوجود ہم نے کبھی ان کے خلاف اس قسم کی کارروائیاں نہیں کیں جس قسم کی کارروائیاں یہ سیالکوٹ میں کررہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ آپ جنتی مرضی گرفتاریاں کرلیں آپ کی جیلیں کم پڑ جائیں گی لیکن جس دن عوام نے فیصلہ کر لیا اس دن آپ لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل سکیں گے ابھی تک عمران خان نے عوام کے غم و غصے کو قابو میں رکھا ہوا ہے لوگ پہلے ہی انہوں نے کہا کہ میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ حالات اس نہج پر نہ کر جائیں کہ پورا پاکستان جلسہ گاہ بن جائے.

انہوں نے کہا کہ عثمان ڈار، سیالکوٹ کے تمام عہدیدران اور پوری ٹیم کو سلام پیش کرتا ہوں انہوں نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، یہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور ڈی پی او پولیس یہ شریفوں کے ذاتی ملازم بنے ہوئے ہیں. سابق وزیرمملکت نے کہا کہ میں بیورو کریسی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ چند دن کے مہمان ہیں اور حالات ایسے نہیں رہنے تمام انتظامیہ کو پیغام دے رہا ہوں لہٰذا آپ اس حکومت کے کسی غیر آئینی، غیر قانونی اقدام کا حصہ نہ بنیں پاکستان کے عوام فیصلہ کرکے بیٹھے ہیں اور یہ حقیقی آزادی کی پرامن تحریک ہے جو کہ جاری ہے اور اسے ہر صورت آگے بڑھنا ہے اس کے آگے کوئی بند نہیں باندھ سکتا.

انہوں نے کہا کہ انشااللہ عمران خان آزادی مارچ کی کال بھی دیں گے، عمران خان آج شام سیالکوٹ پہنچیں گے اور ہر صورت پہنچیں گے اور وہاں پر اپنے کارکنان کے ساتھ ہونگے جو سیالکوٹ کی عوام کے جذبات ہیں وہی پاکستان کے عوام کے جذبات ہیں، عمران خان اس کی بھرپور ترجمانی کریں گے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات