Live Updates

سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد کیلئے آئندہ عدالتی ہفتے کا ججز روسٹر اور کاز لسٹ جاری کر دی گئی

ہفتہ 14 مئی 2022 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2022ء) سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد کیلئے آئندہ عدالتی ہفتے کا ججز روسٹر اور کاز لسٹ جاری کر دی گئی ۔ عدالت عظمی سے جاری ججز روسٹر کے مطابق 16 سے 20 مئی 2022 ء تک جاری رہنے والے عدالتی ہفتے کے دوران پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں مختلف مقدمات کی سماعت کیلئے ایک لارجر ، ایک سپیشل اور چھ ریگولر بنچز تشکیل دیئے گئے ہیں ۔

بنچ نمبر ایک چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال ، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل ہو گا ،بنچ نمبر دو میں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس محمد علی مظہر شامل ہوں گے ، بنچ نمبر تین جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل ہوگا ،بنچ نمبر چار میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہوں گے ، بنچ نمبر پانچ جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل ہوگا ،بنچ نمبر چھ میں جسٹس یحی آفریدی اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہوں گے جبکہ 18مئی سے بنچز کی تشکیل تبدیل ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

18مئی سے بنچ نمبر دو جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل ہوگا ، بنچ نمبر تین میں جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس امین الدین خان شامل ہوں گے ،بنچ نمبر چار جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل ہوگا ۔ لارجر بنچ جسٹس عمر عطا بندیال ،جسٹس اعجازالاحسن ،جسٹس مظہر عالم میاں خیل ،جسٹس منیب اختر ،جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل ہوگا جبکہ سپیشل بنچ میں جسٹس منیب اختر ،جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عائشہ ملک شامل ہوں گے ۔

سپریم کورٹ سے جاری کاز لسٹ کے مطابق 16 مئی پیر کو فاطمہ عامر کے خاوند کی بازیابی سے متعلق از خود نوٹس ،نئی حلقہ بندیوں کیخلاف تحریک انصاف کی درخواست ،آرٹیکل تریسٹھ اے کی تشریح سے متعلق دائر صدارتی ریفرنس اور دیگر مقدمات کی سماعت ہوگی ۔ منگل 17 مئی کو اسلام آباد سیکٹر F-14 اور F-15 میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن اسلام آباد بنام آصف پرویز وغیرہ کیس کی سماعت ہوگی ۔ 18 ،19 اور 20 مئی کو روز مرہ سول ، سروس ، فیملی،بینکنگ اور فوجداری کیسز زیر سماعت آئیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات