سعودی طلبہ نے امریکی سائنسی مقابلے میں 6 ایوارڈ جیت لیے

اتوار 15 مئی 2022 10:20

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2022ء) سعودی عرب کے طلبہ ( طلبا،طالبات)نےامریکی ریاست جارجیا میں انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجینئرنگ فیئر میں 6 ایوارڈ حاصل کیے ہیں ۔سعودی اخبار کے مطابق انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجینئرنگ فیئر( آئی ایس ای ایف) 2022 میں سائنسی تحقیق اور ترقی میں جدت طرازی کی نمائش کے سب سے بڑے مقابلے میں 80 سے زیادہ ممالک کے طلبہ نے شرکت کی ،کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن اور وزارت تعلیم نے انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجینئرنگ فیئرمیں شرکت کرکے 6 ایوارڈز جیت لیے، دونوں اداروں نے مسلسل 16 ویں سال یہ کامیابی حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

مشرقی ریجن میں ادارہ تعلیم کے طالبعلم عبداللہ الغامدی نے توانائی کے شعبے میں دو ایوارڈ حاصل کیے، الاحسا کی دانا العیثان نے کیمسٹری، الشرقیہ کی ثانی عادل نے میٹرز سائنس، ریاض کی ماریا الغامدی نے کیمسٹری اور جدہ کے یوسف خوجہ نے ایمبیڈڈ سسٹم میں ایوارڈ جیتے ہیں۔ کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن نے دنیا کے مختلف ممالک کے 19 طلبا و طالبات کے لیے خصوصی ایوارڈز اورانعامات کا بھی اعلان کیا۔ فاؤنڈیش کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر سعود المتحمی نے کہاکہ سعودی طلبا و طالبات نے ایک بار پھر انعامات حاصل کرکے کر اپنے ملک اور اداروں کا نام روشن کیا ۔