سیکرٹریٹ ترقی نسواں ویمن کمیشن کے ساتھ تعاون نہیں کررہا ہے‘تہمینہ صادق خان

اتوار 15 مئی 2022 14:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2022ء) چیئرپرسن سٹیٹ کمیشن برائے وقار نسواں تہمینہ صادق خان نے کہا ہے کہ سیکرٹریٹ ترقی نسواں ویمن کمیشن کے ساتھ تعاون نہیں کررہا ہے، رولز کے مطابق سیکرٹریٹ وویمن ڈویلپمنٹ ویمن کمیشن کے ساتھ تعاون کا پابند ہے لیکن افسوسناک بات ہے کہ سیکرٹریٹ کی جانب سے ویمن کمیشن کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے۔

ڈائریکٹر ویمن ڈویلپمنٹ مسلسل ویمن کمیشن کی چیئرپرسن کو فرایض کی انجام دہی سے روکنے کے حربے استعمال کررہا ہے جبکہ رولز کے تحت ویمن کمیشن کا ڈی ڈی او ڈائر یکٹر ترقی نسواں نہیں ہو سکتا۔ سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ کی جانب سے ڈائریکٹر ویمن ڈویلپمنٹ کی غیر قانونی حمایت افسوسناک ہے۔ محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کا قیام آزاد کشمیر کی خواتین ترقی کے لیے عمل میں لایا گیا ہے جبکہ ویمن کمیشن خواتین کو باوقار اور بااختیار بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ویمن ڈویلپمنٹ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ چیئرپرسن ویمن کمیشن تہمینہ صادق خان نے سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ کو لکھے گئے مکتوب میں کہا ہے کہ ویمن کمیشن کے رولز مالی معاملات کے حوالہ سے متعدد مرتبہ مجاذ اٹھارٹیز کے پاس درخواست کی گئی ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔اس سلسلہ میں وزیر اعظم آزادکشمیر کے پاس بھی رپورٹ جمع کروائی جا چکی ہے۔

ڈپٹی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ، ڈائریکٹر اور سیکشن افسر کی جانب سے مسلسل قانون کے مغائر اقدامات کیے جارہے ہیں اور اس حوالیسے متعدد مرتبہ اعلی حکام کے نوٹس میں بھی لایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق اور آگاہی کے حوالہ سے مواد شائع کرنے کے لیے ڈی ڈی او کو فراہم کیا گیا لیکن ڈی ڈی او جو کہ ڈائریکٹر ویمن ڈویلپمنٹ بھی ہے نے فنڈز ہونے کے باوجود کوئی بھی قدم نہ اٹھایا,نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں کے زیر اہتمام آزادکشمیر میں خواتین پر تشدد کے خاتمہ کے حوالہ سے 16 روزہ مہم چلائی گئی اور اس دوران بھی ڈی ڈی او کی جانب سے غفلت کی گئی اور فنڈز کی دستیابی کے باوجود کوئی بھی قدم نہ اٹھایا گیا۔

ان اقدامات سے عیاں ہے کہ آزادکشمیر میں خواتین کو حقوق کی فراہمی اور جنسی برابری کے کے حوالہ سے ویمن کمیشن کے کردار کو محدود کر دیا گیا ہے جس سے کمیشن غیر فعال ہو گیا ہے جو کہ قانون کی خلاف ورزی بھی ہے۔ ویمن کمیشن کی چیئرپرسن اور تمام ممبران خواتین کو بااختیار اور باوقار بنانے کے حوالہ سے سرگرم ہیں اور پوری تندہی سے اپنا کام کررہی ہیں۔انہوں نے مکتوب میں کہا کہ نظامت ترقی نسواں کے سٹاف بشمول نائب قاصد تک کو ڈائریکٹر ترقی نسواں کی جانب سے ویمن کمیشن کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعاون سے منع کیا گیا ہے جو کہ سراسر قانون کی خلاف ورزی ہے۔ اس سلسلہ میں ڈائریکٹر ویمن ڈویلپمنٹ، ڈپٹی سیکرٹری اور سیکشن افسر کے خلاف تحت ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :