نیب زیرو کرپشن اور سو فیصد ترقی پر بھرپور یقین رکھتا ہے، نیب بزنس کمیونٹی کو بڑی عزت و احترام دیتا ہے، جسٹس جاوید اقبال

اتوار 15 مئی 2022 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2022ء) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب زیرو کرپشن اور سو فیصد ترقی پر بھرپور یقین رکھتا ہے، نیب بزنس کمیونٹی کی ملکی ترقی میں کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے۔ چیئرمین نیب نے نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کراچی، چیمبر آف کامرس لاہور اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس، فلور ملز ایسوسی ایشن، کاٹن جنرز ایسوسی ایشن، گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفود سے نہ صرف ملاقاتوں کیں بلکہ نیب نے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور انڈر انوائسنگ کے کیسز ایف بی آر کو بھجوا دئیےتھےتاکہ انہیں قانون کے مطابق نمٹایا جا سکے ۔

نیب نے بزنس کمیونٹی کی شکایات کے ازالہ کیلئے نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر کی زیر نگرانی خصوصی ڈیسک قائم کیا گیاجس پر بزنس کمیونٹی کے رہنماوں نے اپنےمسائل کے حل کیلئے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ذاتی کاوشوں کو سراہاجو ریکارڑ کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معتبر قومی و بین الاقوامی اداروں نے نیب کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

اس وقت نیب کے ملک کی مختلف احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 1237 ریفرنسز زیر سماعت ہیں جن کی مالیت 1335 ارب روپے بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ کے دور میں نیب نے بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 584ارب روپے برامد کئے ہیں جو ریکارڈ کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کی روک تھام، بڑے پیمانے پر عوام سے لوٹ مار، آمدن سے زائد اثاثے، غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں اور مضاربہ سکینڈل کے خلاف کارروائی کیلئے پرعزم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں نے متاثرین کو نہ ہی ان کے پلاٹ دیئے اور نہ ہی ان سے لوٹی گئی رقم انہیں واپس کی، غریب سرمایہ کار اپنی رقوم کی واپسی کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑیں۔ نیب نے غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیوں سے 40ارب روپے وصول کرکے ان متاثرین کے حوالے کئے ہیں۔ لاہور، ملتان، سکھر، کوئٹہ، کراچی، پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد اور ملک کے دیگر حصوں میں کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا کسی فرد، جماعت یا تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، نیب افسران بدعنوانی کے خاتمہ کو اپنا قومی فرض سمجھ کر بھرپور عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔