ہزار 453 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے ، حکومت کااعلان

وزارت مذہبی امور کو مجموعی طورپر آن لائن اور منتخب بینکوں کے ذریعے کٴْل 63،604 درخواستیں موصول ہوئیں قرعہ اندازی میں 31 ہزار 253 درخواست گزار کامیاب قرار پائے ،ایک ہزار کوٹہ ہارڈ شپ اور 200 حجاج کا کوٹہ لیبر کیلئے مختص رواں برس سعودی حکومت کی جانب سے کرونااور دیگر وجوہات کی بنا پر حج تعلیمات کے اعلان میں کافی تاخیر ہوئی ہے ،حج اخراجات کا حتمی اعلان سعودی حکومت کے اعلان کے بعد جلد کیا جائے گا، مولانا اسعد محمود اور مولانا عبد الواسیع کی پریس کانفرنس

اتوار 15 مئی 2022 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2022ء) وزارت مذہبی امور نے حج 2022 کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت کامیاب حج درخواست گزاروں کا اعلان کردیا جس کے تحت 32 ہزار 453 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے ،حج اخراجات کا اعلان چند روز میں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود اور وفاقی وزیر ہائوسنگ مولانا عبدالواسع نے حج قرعہ اندازی کی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور حج درخواست گزاروں کی قرعہ اندازی کی وفاقی وزیر مذہبی امور دورہ سعودی عرب کی وجہ سے قرعہ اندازی میں شریک نہ ہوسکے۔

انہوںنے کہاکہ پریس کانفرنس کا مقصدحج 2022 کیلئے کامیاب ہونے والے خوش نصیب افراد کا انتخاب بذریعہ قرعہ اندازی کرناہے جیسا کہ آپ سب اس امر سے باخبر ہیں کہ عالمی وبائی مرض کووڈ 19 نے جہاں دیگر شعبہ ہائے زندگی کو بری طرح متاثر کیا وہیں دنیا بھر کے مسلمان اپنی سب سے مقدس عبادت گاہوں ، خانہ کعبہ اور روضہ رسولؐپر حاضری یعنی حج جیسے مقدس فریضے سے بھی محروم رہے ،اسی وجہ سے سعودی حکومت نے 2020 اور 2021 میں صرف مقامی طور پر حج کا انعقاد کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سب سے پہلے یہ بات بتانا انتہائی ضروری ہے کہ روایتی طور پر ہر سال حج کے اختتام کے بعد سے ہی آئندہ آنے والے حج کی تیاریوں کا آغاز ہو جاتا تھا، حکومت ِسعودی عرب کی جانب سے حج تعلیمات کے اعلان کے بعد دنیا کے بیشتر ممالک بشمول پاکستان اپنی سالانہ حج پالیسی وضع کرتے تھے۔ یعنی حج کی مکمل تیاریوں کیلئے تقریبا ً7سے 8ماہ کا وقت مل جاتا تھا تاہم اس کے برعکس اس سال سعودی حکومت کی جانب سے کرونااور دیگر وجوہات کی بنا پر حج تعلیمات کے اعلان میں کافی تاخیر ہوئی ہے جس کے باعث حج کی تیاریوں کے لئے نہ صرف انتہائی قلیل وقت ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے بلکہ ساتھ ہی ساتھ سعودی حج تعلیمات میں لازمی حج اخراجات کی عدم فراہمی کی وجہ سے مسلسل تاخیر ہو رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ وزارت تاحال ان اخراجات کی تفصیل کیلئے سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کی منتظر ہے، ہمارا حج ڈائریکٹوریٹ جدہ مسلسل متعلقہ سعودی اداروں سے رابطے میں ہے جبکہ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور اور وزارت کے ایڈیشنل سیکرٹری آفتاب اکبردرانی بھی اسی سلسلے میں سعودی عرب کے ہنگامی دورہ پر ہیں۔ مزید برآں سعودی تعلیمات کے مطابق ہمیں حج تیاریوں کو مکمل کرنے کے لئے 15 شوال 1443ھ یعنی 16 مئی 2022ء تک کا وقت دیا گیا ہے لہذا اِن مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی وزیرمذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبد الشکور صاحب نے اپنی پریس کانفرنس منعقدہ مورخہ 29 اپریل 2022 کو رواں سال کے تخفیف شدہ حج کوٹہ جو کہ 81،132 ہے اور اس کی سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیم میں 40 فیصد اور 60 فیصد کی تجویز اور دیگر اہم شرائط کا اعلان فرمایا۔

پریس کانفرنس کا سب سے اہم مقصد عید کی چھٹیوں کی وجہ سے وقت کے مزید ضیاع سے بچنے اور سعودی ڈیڈ لائن کو مدنظر رکھتے ہوئے عازمین حج سے مورخہ1 تا 13 مئی 2022 آن لائن حج درخواستیں جبکہ بینکوں کے ذریعے 9تا 13مئی بمعہ مبلغ پچاس ہزار روپے (Rs.50,000) ٹوکن منی (Token Money) وصول کرنے کا اعلان بھی تھا، الحمد للہ، اس بروقت فیصلے کے نتیجے میں ہم یہ قرعہ اندازی کرنے کے قابل ہو سکے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ اب میں سرکاری حج سکیم کیلئے موصول شدہ حج درخواستوں کی تفصیل سے آگاہ کرنا چاہوں گا، وزارتِ ہذا کی مقررہ مدت میں آن لائن اور منتخب بینکوں کے ذریعے کٴْل 63604 درخواستیں وزارتِ ہذا کو موصول ہوئیں، اس قرعہ اندازی کے ذریعے حج کے متمنی ان تمام درخواست دہندگان کی کامیابی کا اعلان کیا جائیگا جو کہ تجویز کردہ 40 فیصد سرکاری حج سکیم یعنی 32453کامیاب افراد ہونگے چونکہ حج سے متعلقہ ضروری حج اخراجات کی تفصیلات سعودی عرب سے موصول نہ ہونے کی وجہ سے اس سال کی حج پالیسی کی منظوری وفاقی کابینہ سے بھی نہیں لی جا سکتی جس میں سرکاری اور نجی حج سکیم کا تجویز کردہ کوٹہ بھی شامل ہیکسی بھی وجہ سے کامیاب افراد میں سے رہ جانے والے عازمین حج کی کمی کو رہ جانے والیافرادمیں ہی سے منتخب کیا جائے گا یعنی قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے افراد کے بعدرہ جانے والوں کی لسٹ بھی آج ہی کی قرعہ اندازی میں دستیاب ہو گی۔

تمام درخواست گذاروں کو انکی سنیارٹی نمبر سے متعلق اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس کر دی جائیگی۔ سعودی حکام کی جانب سے لازمی حج اخراجات کے اعلان اور حکومت پاکستان سے حج پالیسی کی منظوری کے بعد سرکاری حج سکیم کی حتمی تعداد اور اخراجات کا اعلان کیا جائے گا۔ ساتھ ہی کامیاب درخواست گذاروں کو متعلقہ بینکوں میں بقیہ رقم جمع کرانے کی ہدایت کی جائے گی۔

غیر منتخب درخواست گزار اپنی جمع کردہ رقم متعلقہ بینک برانچ سے دفتری اوقات کے دوران واپس لے سکیں گے۔ اسکے لیے وزارت کی الگ سے منظوری کی کوئی ضرورت نہیں ہو گی۔اعلامیہ کے مطابق قرعہ اندازی کے نتائج اور اس حوالے سے مزید معلومات کیلئے وزارت کی ویب سائٹ اورحج انکوائری نمبرز پر دفتری اوقات میں رابطہ کیا جا سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس موقع پر میں یہ بات بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اگرچہ لوگوں کی ایک کثیر تعداد لازمی ویکسین ، 65سال عمر کی بالائی حد اور مہنگے حج اخراجات کی وجہ سے حج درخواستیں جمع کرنے سے محروم رہی۔

اس کے باوجود لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے حج درخواستیں جمع کرانے کیلئے سرکاری حج سکیم کا انتخاب کیا جو کہ موجود حکومت پر عوام کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ سعودی حکومت کی طرف سے آئندہ سالوں میں عمر کی بالائی حد ختم کر دی جائے گی ، حج اخراجات پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہو گی اور پاکستان کا حج کوٹہ بھی بڑھ جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ میں تمام عازمینِ حج کو درخواست کرتا ہوں کہ مقامی مساجد اور حاجی کیمپوں کے ذریعے مناسک حج اور دیگر انتظامی مسائل سیکھ کر جائیں،سعودی حکام کی طرف سے لازمی قرار دی گئی موبائل اپلی کیشن اعتمرنا ، توکلنا اور Pilgrimsکا استعمال سیکھ کر جائیں جسکے لئے ہر حاجی کا اپنا زاتی سمارٹ فون لے جانا لازمی ہے ۔سعودی عرب قیام کے دوران پاکستان کے سفیر کے طور پر نظم و ضبط اور شائستگی کا مظاہرہ کریں۔ سعودی عرب کی جاری کردہ کرونا کی احتیاطی تدابیر مثلا دوران حج کھلے اور بند مقامات پر ماسک کا استعمال لازم رکھیں۔آخر میں میں قرعہ اندازی کے نتیجے میں کامیاب ہونے والے خوش نصیب عازمینِ حج کو دل کی گہرائیوں سے پیشگی مبارک باد دیتا ہوں