سعودی باد شاہ شاہ سلمان کولونوسکوپی کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا

86 سالہ بادشاہ شاہ سلمان کو 7 مئی کی شام ہسپتال میں داخل کیا گیا،شاہ سلمان کنگ فیصل ہسپتال میں زیر علاج تھے

Umar Nawaz عمر نواز پیر 16 مئی 2022 12:29

جدہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 مئی 2022ء ) سعودی شاہ سلمان کولونوسکوپی کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 86 سالہ بادشاہ شاہ سلمان کو 7 مئی کی شام ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ شاہی عدالت نے سرکاری میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ حرمین شریفین کے متولی، سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو گزشتہ ہفتے کالونیسکوپی کے بعد اتوار کو ہسپتال سے فارغ کردیا گیا تھا۔

سعودی ٹی وی نے ایک ویڈیو کلپ چلایا تھا جس میں 86 سالہ بادشاہ کو چھڑی کا استعمال کرتے ہوئے آہستہ آہستہ چلتے ہوئے دکھایا گیا تھا جب وہ جدہ شہر کے کنگ فیصل ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں انہیں 7 مئی کی شام داخل کیا گیا تھا۔ اس ویڈیو کلپ میں ان کے بیٹے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

چند روز قبل سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز علیل ہوگئے تھے۔

سعودی میڈیا کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز اس وقت جدہ کے کنگ فیصل ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں سعودی فرمانروا کے چند میڈیکل ٹیسٹ کیے گے۔ اس ضمن میں ایوان شاہی نے اعلان کیا ہے کہ شاہ سلمان کو 7 مئی بروز ہفتہ کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ۔ قبل ازیں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے سال 1443ھ کی عیدالفطرکے موقع پرقوم سے خطاب بھی کیا ، سعودی فرمانروا کی علالت کے باعث ان کی جانب سے یہ تقریر قائم مقام وزیر میڈیا ڈاکٹرماجد بن عبداللہ القصبی نے پڑھ کرسنائی ، انہوں نے آغاز میں اللہ کی حمد وثنا بیان کی اورنبی آخرالزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر سلام ودرود بھیجا اور کہا کہ ہمیں تمام سعودیوں اور تمام اہل اسلام کوعیدالفطر کے مبارک موقع پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے ، اللہ سعودی مملکت اور دنیا کے تمام ممالک کو ہر برائی اور نقصان سے محفوظ رکھیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں اورآپ کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں روزے رکھنے اور راتوں کو نمازیں ادا کرنے کا انعام دیا اور ہم اس سے تمام نیک اعمال قبول کرنے کی دعا کرتے ہیں ، وہ ہمارے دعائیں سننے والا اور جواب دینے والاہے۔ شاہ سلمان نے کہا کہ ہم اللہ کا شکرادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں رمضان کے بعد عیدالفطر کی مبارک باد دینے کا موقع فراہم کیا ، ہمیں امید ہے کہ اللہ تعالیٰ عید سے ہمارے دلوں کو خوش کریں گے اور خوشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم سب کو مبارک عید کے مقاصد کو مدنظر رکھنا چاہیے ، اللہ نے عید کو اخلاقیات، ہم آہنگی، بھائی چارے، رواداری اور معافی کی حد بندی کا موقع بنایا ہے۔

پیارے ہم وطنو!اللہ نے ہمارے ملک کو جو بڑا اعزازعطا کیا ہے وہ الحرمین الشریفین کی خدمت ہے ، حجاج کرام، عمرہ کرنے والوں اورزائرین کی راحت کو یقینی بنانا اور انہیں بہترین خدمات فراہم کرنا ہے جو ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے اور ہم اس ذمہ داری کی تکمیل کے لیے ہرممکن کوشش کرتے ہیں ، اللہ نے ہمیں اس عظیم فریضہ کی انجام دہی کے لیے منتخب کیا اور ہم اس پراللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس عظیم کام کو جاری رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔