بلوچستان میں جاری منصوبوں کی تکمیل سے عوام کی خوشحالی اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا ،میر ضیاء لانگو

پیر 16 مئی 2022 12:56

بلوچستان میں جاری منصوبوں کی تکمیل سے عوام کی خوشحالی اور ترقی کا ایک ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) صوبائی مشیر داخلہ و قبائلی امور و پی ڈی ایم اے میر ضیاء لانگو نے کہا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان کے لئے جو وژن طے کیا گیا ہے وہ تکمیل کی جانب گامزن ہے ،جاری منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کے لوگوں میں خوشحالی اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکر وال کوٹ لانگو میں مختلف افراد کے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شمولیتی پروگرام میں حاجی فیض محمد سمالانی، محمد زمان سمالانی اور میر جان سمالانی نے اپنے کئی ساتھیوں کے ہمراہ بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔ اس موقع پر شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو کا کہنا تھا کہ اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے منگچر کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوشاں ہیں جس کے ثمرات عوام کی دہلیز پر میسر ہو رہے ہیں ،ہم اپنے عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی مشیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ یہاں آنے کا مطلب ووٹ اور الیکشن نہیں بلکہ یہاں اپنے لوگوں کے مسائل سننے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ جو پسماندہ علاقے ہیں ان کے مسائل جنگی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پانی کے مسائل کو بھی کافی حد تک حل کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں کئی ایمبولینسز علاقے میں مہیا کی جا چکی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم مسائل حل کرکے لوگوں کو یہ پیغام دینگے کہ ہم عوامی لوگ ہیں ،ہم اپنے لوگوں کو کبھی مایوس نہیں کرینگے۔