صومالیہ میں صدارتی انتخابات، حسن شیخ محمد ملک کے نئے صدر منتخب

گنتی مکمل ہونے پرایوان زیریں کے اسپیکر نے اعلان کیا،سابق صدر محمد عبداللہ نے شکست تسلیم کر لی

پیر 16 مئی 2022 13:02

صومالیہ میں صدارتی انتخابات، حسن شیخ محمد ملک کے نئے صدر منتخب
موغادیشو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) صومالی قانون سازوں نے بالآخر نئے صدر کا انتخاب کر لیا ہے۔ سیاسی کشمکش اور آپسی جھگڑوں کی وجہ سے پندرہ ماہ کی تاخیر سے انتخابات ہوئے، جس میں موجودہ صدر محمد عبداللہ محمد کو اقتدار میں رہنے کی بڑی امید تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق صومالیہ میں حسن شیخ محمد کو نیا صدر منتخب کر لیا گیا اور اس طرح دوسری بار اقتدار میں ان کی واپسی ہوئی۔

پانچ برس قبل وہ دوسری مرتبہ کے لیے انتخابات میں ناکام ہو گئے تھے۔ایک برس سے زیادہ تاخیر کے بعد ہونے والے ان صدارتی انتخابات میں، تین رائونڈز کی ووٹنگ کے بعد رن آف میں حسن شیخ محمد نے موجودہ صدر محمد عبداللہ محمد کو شکست دے دی۔ نو منتخب صدر نے رن آف میں 214 ووٹ حاصل کیے جبکہ محمد عبداللہ محمد کے حق میں صرف 110 ووٹ ہی پڑے۔

(جاری ہے)

ارکان پارلیمان اور سینیٹرز، جنہوں نے نئے صدر کا انتخاب کیا، وہ قبیلے کے رہنماں کے منتخب کردہ مندوبین کے ذریعہ منتخب ہوئے تھے۔

پہلے یہ امید کی جا رہی تھی کہ عالمی اصولوں کے تحت صدر کا انتخاب، براہ راست صومالی عوام کے ذریعے عمل میں آئے گا، تاہم ملک کی سیاسی اشرافیہ نے اس منصوبے کو بالآخر ترک کر دیا تھا۔حسن شیخ محمد کی فتح کی خبر کا استقبال خوشیوں سے کیا گیا اور دارالحکومت موغادیشو کے ارد گرد جشن کے طور پر ہوا میں خوب فائرنگ بھی ہوئی۔ دونوں امیدوار ایک ساتھ بیٹھ کر بیلیٹ کی گنتی کے وقت خاموشی سے انتظار کر رہے تھے۔گنتی مکمل ہونے کے بعد ایوان زیریں کے اسپیکر شیخ عدن محمد نور نے اعلان کیا کہ صدارتی انتخابات میں، حسن شیخ محمد صومالی وفاقی جمہوریہ کے نئے صدر کے طور پر کامیاب ہو گئے ہیں۔اس اعلا ن کے بعد ہی محمد عبداللہ نے شکست تسلیم کر لی، اور اسی وقت حسن شیخ محمد نے حلف بھی اٹھا لیا۔