وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر موسمیاتی تبدیلی پر فوری طور پر ٹاسک فورس کا قیام

شہبازشریف کی زیر صدارت حالیہ گرمی کی شدید لہراورموسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر اعلی سطح کا ہنگامی اجلاس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 16 مئی 2022 14:13

وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر موسمیاتی تبدیلی پر فوری طور پر ٹاسک ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 مئی ۔2022 ) وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر موسمیاتی تبدیلی پر فوری طور پر ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ٹاسک فورس میں متعلقہ وفاقی وزراء،وفاقی وصوبائی چیف سیکرٹریوں اور متعلقہ سیکرٹریوں ، چیئرمین NDMA اور اعلی افسران شامل ہیںوزیراعظم نے ٹاسک فورس کو آج شام پہلا اجلاس منعقد کرنے اور آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے.

(جاری ہے)

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حالیہ گرمی کی شدید لہر اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر اعلی سطح کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراءخورشید شاہ، شیری رحمان، احساس الرحمان مزاری، طارق بشیر چیمہ، مریم اورنگزیب، چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل اختر نواز، اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی جب کہ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین اور صوبائی چیف سیکرٹریوں نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی.

اجلاس کو حالیہ گرمی کی شدید لہر کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ گرمی کی شدید لہر کی بڑی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے لحاظ سے دنیا بھر میں پانچویں نمبر پر سب سے زیادہ نتاثر ہونے کے خطرے سے دوچار ملک ہے، جب کہ پاکستان کو گلیشیئرز کے بڑے ذخائر ہونے کے باوجود پانی کی کمی کا خطرہ بھی لاحق ہے اور اس صورتحال کے براہِ راست اثرات پاکستان کی زراعت پر مرتب ہوتے ہیں.


وزیراعظم کی ہنگامی بنیادوں پر اس حوالے سے جامع حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے بچاﺅ کیلئے عوامی آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے بھی آئندہ مون سون سے پہلے فوری اقدامات یقینی بنائے جائیں. وزیراعظم کو چولستان میں پانی کی قلت پر بھی بریفنگ دی گئی جس پر وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ چولستان میں انسانی بستیوں اور جانوروں کیلئے پانی کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے چولستان میں حالیہ گرمی کی شدید لہر میں فوری امدادی سرگرمیوں کو یقینی بنائیں.

وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہنزہ کا فوری دورہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہنزہ میں شسپر گلیشئیر واقعے میں منہدم ہوئے پل کو فوری تعمیر کیا جائے، اور پل کی تعمیر پر پیش رفت کے حوالے سے آئندہ اجلاس میں تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے وزیراعظم نے وزارتِ تعلیم کو سرکاری سکولوں میں حالیہ گرمی کہ شدید لہر سے بچاﺅ کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد اور نجی سکولوں کو ان پر عملدرآمد کیلئے احکامات جاری کرنے کی بھی ہدایت کی، جب کہ وزراتِ صحت کو فوری طور پر کووڈ 19 کے نئے سب ویرینٹ کے حوالے سے تحقیق اور اس کے ممکنہ اثرات پر بھی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے.

وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی پر فوری طور پر ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ ٹاسک فورس آج شام کو ہی اپنا پہلا اجلاس منعقد کرکے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کرے . وزیراعظم شہبازشریف نے حکم دیا کہ ٹاسک فورس ملک میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے، شسپر گلیشئیر واقعے جیسے واقعات سے مسقبل میں بچاﺅ، غذائی اور پانی کی قلت سے بچنے کیلئے اقدامات، پانی کے بچاﺅموجودہ ذخائر کی حفاظت اور جنگلات کے تحفظ کیلئے جامع حکمتِ عملی مرتب کرکے فوری عمل درآمد کیلئے فوری اقدامات کرے.