وزیراعظم شہبازشریف کے لندن جانے پر اتحادی جماعتوں کو تحفظات ہیں:اعتراز احسن

وزیراعظم کوچاہیے تھا کہ لندن جانے سے قبل اتحادیوں کو اعتماد میں لیتے،وزیراعظم لندن میں سیمی کابینہ کے ساتھ فیصلے کررہے ہیں،وزیر داخلہ اور وزیر قانون سمیت تمام وزراتیں ن لیگ کے پاس ہیں تو فیصلے بھی انہوں نے کرنے ہیں،رہنما پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کی گفتگو

Umar Nawaz عمر نواز پیر 16 مئی 2022 15:44

وزیراعظم شہبازشریف کے لندن جانے پر اتحادی جماعتوں کو تحفظات ہیں:اعتراز ..
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کے لندن جانے پر اتحادی جماعتوں کو تحفظات ہیں۔سماء نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ  وزیراعظم کوچاہیے تھا کہ لندن جانے سے قبل اتحادیوں کو اعتماد میں لیتے،وزیراعظم لندن میں سیمی کابینہ کے ساتھ  فیصلے کررہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم اب ہمیں فیصلوں سے متعلق آگاہ کردیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ اور وزیر قانون سمیت تمام وزراتیں ن لیگ کے پاس ہیں تو فیصلے بھی انہوں نے کرنے ہیں۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ لندن کا دورہ کیا تھا ، مسلم لیگ ن کے دیگر اہم رہنما بھی ان کے ہمراہ برطانیہ پہنچے تھے جن میں وفاقی وزیر احسن اقبال ، مریم اورنگزیب ، خواجہ سعد رفیق ، خواجہ آصف اور خرم دستگیر شامل تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن سینئر قیادت بشمول وزیراعظم کے لندن جانے سے متعلق شاہد خاقان عباسی نے وضاحت جاری کی تھی ، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ نواز شریف نے شہباز شریف اور دیگر کو طلب نہیں کیا بلکہ وزیراعظم اور سینئر لیگی رہنماؤں نے نواز شریف سے مشاورت کیلئے درخواست کی تھی ، جس کی وجہ سے شہباز شریف اور دیگر افراد مسلم لیگ ن کے قائد کے ساتھ مشاورت کیلئے لندن آ رہے ہیں ۔

دوسری جانب جیو نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کو بعض معاملات پر تحفظات ہیں اور اس حوالے سے ن لیگ کوئی بڑا فیصلہ کرنے جا رہی ہے ، اس معاملے پر نوازشریف کو ویڈیو لنک کی درخواست کی گئی تاہم انہوں نے یہ تجویز مسترد کر دی اور سینئر قیادت کا ہنگامی اجلاس لندن طلب کیا تھا، شاہد خاقان عباسی پہلے سے ہی لندن میں موجود تھے جنہوں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر نوازشریف کو طویل بریفنگ دی ، جس کے بعد وازشریف نے ن لیگ کی دیگر قیادت کو بھی لندن طلب کیا تھا۔